ریاض (قدرت روزنامہ)سعودی سکیورٹی حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے 146 سمگلروں کو گرفتار کرلیا . عرب نیوز کے مطابق سعودی حکام نے ایک بڑی سکیورٹی کارروائی میں 19 شہریوں سمیت 146 اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے، جس کے نتیجے میں 48.6 ٹن سے زیادہ قات، 1.5 ٹن چرس اور 6 لاکھ 34 ہزار نشہ آور گولیاں مملکت میں اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا .
سعودی پریس ایجنسی نے رپورت کیا ہے کہ مشتبہ افراد میں 87 یمنی شہری، 32 ایتھوپیا، 3 صومالی شہری، 2 عراقی، 2 مصری اور ایک پاکستانی شامل ہیں، سعودی وزارت داخلہ نے ٹوئٹر پر نجران، جازان، عسیر اور تبوک کے سرحدی محافظوں کی جانب سے کیے گئے آپریشن کی ویڈیو پوسٹ کی ہے .
حکام نے سمگلروں کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کرنے سے قبل ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کی اور ضبط شدہ منشیات کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا .
بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے اور حال ہی میں مملکت کی تاریخ کی سب سے بڑی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی اور آٹے کی بوریوں میں چھپا کرنشہ آورگولیاں سمگل کرنے والے 8 غیرملکی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں . عرب نیوز کے مطابق سعودی حکام نے تقریباً 1 بلین ڈالر مالیت کی منشیات کو ضبط کیا ہے اور 8 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے، جو آٹے کی بوریوں میں چھپا کر47 ملین نشہ آور گولیا سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ مملکت میں اب تک کی کارروائیوں میں پکڑا گیا منشیات کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے .
سعودی نارکوٹکس کنٹرول کے ترجمان میجر محمد النجیدی نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ حکام کو آٹے کی ایک بڑی کھیپ میں چھپائی گئی گولیاں ملنے کے بعد 6 شامیوں اور 2 پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے خلاف رپورٹ درج کیے جانے کے بعد پراسیکیوشن کے ادارے کی تحویل میں دیا جائے گا . انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں منشیات سمگل کرنے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، جس میں ملزمان نے اپنے طور پر انتہائی چالاکی کا مطاہرہ کرتے ہوئے نشہ آورگولیاں آٹے کی بوریوں میں چھپائیں تاہم ان کی یہ مجرمانہ منصوبہ بندی دھری کی دھری رہ گئی .