اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ مرضی کے آرمی چیف کا نہ کبھی ہم نے کہا نہ ہی کبھی سوچا . انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کا بیانیہ مکمل طور پر مسترد کرنا ہو گا .
آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق اپنے وقت اور طریقہ کار کے مطابق فیصلہ ہو گا . مرضی کے آرمی چیف کا نہ کبھی ہم نے کہا نہ ہی کبھی سوچا .
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس معاملے پر عمران خان کی رائے کو مکمل طور پر نظر نداز کرنا چاہئے . راناثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان وہ فتنہ ہے جس کو جتنا مانتے جائیں گے یہ بڑھتا جائے گا،آئین کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ ہو گا تو یہ فتنہ بیٹھ جائے گا . رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان ایک فتنہ ہے اور یہ ہر طرف اپنا فتنہ پھیلانا چاہتا ہے .
ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو عمران خان کو رسوا کرکے جانے دیا اب نہیں جانے دیں گے . اس دفعہ پنجاب سے بھی لوگ لے کر آئیں ان کی خاطر مدارت کریں گے . لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ججز کے تقرر پر ججز میں اتفاق نہیں تھا . جوڈیشل کمیشن میں ججز کی تعداد دیگر کے مقابلے میں دگنی ہے . انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کا چالان عدالت میں پیش ہو گا تو لوگ حیران ہوں گے .
63 اے کا فیصلہ آئین دوبارہ لکھنے کے مترادف ہے، ریویو ہو گا . دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور پنجاب اسمبلی کے رکن رانا مشہود نےکہا ہے کہ ایک شخص عبوری ضمانت کے پیچھے چھپ رہا ہے، وہ ایک روز بھی شامل تفتیش نہیں ہوا ،عوام نے اس شخص کے جلسوں میں جانا چھوڑدیا ہے . ان خیالات کا ظہار انہوں نے سیشن عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے مشترکہ گفتگو کے دوران کیا .
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت جانے والی ہے، جلد ن لیگ کی حکومت ہوگی . ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی ٰچوہدری پرویز الہی جہاں خود رہتے ہیں اس شہر اورگائوں میں سرکاری پیسہ لگایا جارہا ہے، دوسرے شہروں کا کوئی پرسان حال نہیں . لیگی رہنمائوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو جھوٹے مقدموں سے فرصت نہیں مگر ہم شامل تفتیش بھی ہوئے اور میرٹ پر ضمانت میں توسیع بھی ہوئی .