عمران خان کی پنجاب حکومت کو بہت بڑی ہدایات ۔۔۔اب تمام غریب لوگوں کی کفالت پنجاب حکومت کرے گی

لاہور(قدرت روزنامہ) عمران خان کی ہدایت پر پنجاب حکومت کا صوبے میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے تمام
افراد کی کفالت کی ذمے داری لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی اتحادی پنجاب حکومت نے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی فلاح کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی کفالت کو سرکاری ذمہ داری قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں پنجاب احساس پروگرام ایکٹ 2022 کے مسودے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ مجوزہ قانون کے تحت صوبے میں تمام سماجی خدمات کو مربوط بنایا جائے گا۔ بدھ کے روز صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ برائے احساس پروگرام سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی، ایم این اے صداقت علی عباسی اور متعلقہ سرکاری افسروں نے بھی شرکت کی۔سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کو پنجاب احساس پروگرام ایکٹ 2022 کے مسودے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں احساس پروگرام کو مربوط بنایا جا رہا ہے۔ مجوزہ قانون کے تحت پنجاب کے 120 سے زائد سماجی خدمات کی مانیٹرنگ ایک مرکزی احساس بورڈ کرے گا۔ نئے قانون کے تحت کسی سماجی خدمت کے کام میں تبدیلی نہیں کی جائے گی تاہم غربت کی لکیر کے نیچے رہنے والے افراد تک رسائی کو زیادہ منظم بنایا جائے گا۔چیئرمین کمیٹی راجہ بشارت نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد مسودہ پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ جولائی میں ضمنی الیکشن میں فتح کے نتیجے میں پنجاب میں دوبارہ حکومت بنانے کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صوبے میں احساس پروگرام بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔