عمران خان پر تنقید کرنیوالی مریم نواز پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے جوابی وار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے انہیں کرارے جوابات دیے ہیں . پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی عمران خان پر تنقید کا جواب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دیا ہے .


فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عمران خان تو خود کئی کھلاڑیوں کو کھیل سکھا چکے ہیں انہیں کوچ کی ضرورت نہیں جب کہ مریم نواز جیسے امیچور کبھی کھلاڑی نہیں بن سکتے کوچ چاہے جتنا کوالیفائیڈ ہو .
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ مریم اور بلاول ابو بچاؤ مہم سے لیڈر بننا چاہتے ہیں، لیکن کوچ جو بھی ہو کھیل کو کھلاڑیوں نے کھیلنا ہے اور یہ صلاحیت ان پلیئرز میں نہیں ہے .


ایک اور پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے بھی مریم نواز پر تنقید کے لیے ٹوئٹر کا انتخاب کیا اور اپنے ٹوئٹ میں ان پر کڑی تنقید کی . بابر اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں معنی خیز انداز اختیار کرتےہوئے لکھا کہ اب گڈ ٹھگ اور بیڈ ٹھگ پھر ایکشن میں ہیں .
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گڈ ٹھگ ہر روز کان پکڑ کر آئی ایم ایف کے سامنے ناک سے لکیریں نکالتا ہے جب کہ دوسری جانب بیڈ ٹھگ کی ڈیوٹی بڑھکیں مارنا اور دھمکیاں دینا ہے، لیکن اب مزید ایسے نہیں چلے گا .


واضح رہے کہ مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کی تھی .
مریم نواز نے کہا تھا کہ عمران خان فتنہ، انتشار اور فارن فنڈڈ ہے جس کو پاکستان کی نئی نسل کو تباہ کرنے کیلئے ڈالر دے کر لانچ کیا گیا اور وہ ملکی معیشت کی تباہی کے لیے لینڈ مائنز بچھا کر چلا گیا . اس کے دباؤ پر کوئی فیصلے نہیں ہونے چاہئیں .

. .

متعلقہ خبریں