بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کا جواب سنہری باب ہے،صدر مملکت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ 10مئی ملکی تاریخ کا روشن باب ہے۔
پاکستان مانومنٹ پر معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی ،بھارتی قیادت نے اپنی عوام کو گمراہ کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اپنایا۔
بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کا جواب سنہری باب ہے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے اپنی مہارت ثابت کی ،پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔افواج پاکستان ملکی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں ہماری مساجد اور معصوم شہریوں پر حملہ کیا، پاکستان کے سپوتوں نے ہمارا سر فخر سے بلندکر دیا۔دشمن کے 8 طیارے مار گرائے گئے ،پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے ،ہم نے عالمی امن کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ،کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہوگا۔پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر پر بھارت نے قبضہ کر رکھا ہے ،مسئلہ کشمیر حل طلب ایجنڈا ہے ۔
پانی ہمارے 24 کروڑعوام کی لائف لائن ہے ،اپنے آبی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے،افغان سرزمین کا پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال بند ہونا چاہیے۔
صدر مملکت نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا۔
