اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی فریم ورک پر بات چیت کرنی چاہئیے . سابق وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سول ملٹری تعلقات میں توازن کے لیے کوشش کرنی چاہیے .
اقتدار پاکستان کے لوگوں کو منتقل ہونا چاہیے .
میں سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں آئیے سیاسی فریم ورک پر بات چیت کریں . آئیے گیم کے قواعد پر متفق ہوں . فواد چوہدری نے مزید کہا کہ موجودہ نظام پاکستان ناکام ہو چکا ہے ہمیں منصفانہ قوانین تلاش کرنے کی ضرورت ہے .
. اس سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کی گزشتہ روز چکوال جلسے کی گرما گرم تقریر کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی وضاحت سامنے آگئی .
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم فوج سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، عمران خان کی پیر کے روز تقریر کا ایک پس منظر ہے . انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خرم دستگیر نے کہا تھا انہیں کہا گیا کہ عمران خان اپنی مرضی کا آرمی چیف لے آئے گا اور ہم سب جیلوں میں ہوں گے . اس وقت آئی ایس پی آر کو خرم کو شٹ اپ کال دینی چاہیے تھی بعد میں یہ کام جاوید لطیف اور مریم نواز نے کیا .
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب خرم دستگیر نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری نواز شریف نے کرنی ہے ، پاکستان کا آفیشل سیکرٹ ایکٹ تو وزیراعظم کو اس بات سے منع کرتا ہے، عمران خان نے اس پس منظر میں یہ بات کہی تھی . واضح رہے کہ گزشتہ روز چکوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ گمنام نمبروں سے دھمکیاں دینے کے لیے فون آتا ہے ، مسٹر ایکس اور مسٹر وائی لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں . ان لوگوں کو جواب میں بھی دھمکیاں دو ، جو ڈراتا ہے اسے جواب میں بھی ڈراؤ . ان کا کہنا تھا کہ خفیہ نمبروں سے ڈرانے والے کہتے ہیں کہ یہ کرلوں گا ، وہ کرلوں گا ، ان سے کہتا ہوں کہ جو کرنا ہے کرو ، ہم بھی کریں گے .