شوکت ترین اور تیمورجھگڑا کی آڈیوٹیپ کی سائنٹیفک تفتیش ہوچکی ہے

لاہور(قدرت روزنامہ) وفاقی معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شوکت ترین اور تیمور جھگڑا کی آڈیوٹیپ کی سائنٹیفک تفتیش ہوچکی ہے، شوکت ترین سے پوچھا جائے گا کہ وہ کیوں آئی ایم ایف ڈیل سبوتاژ کرنے جارہے تھے، شوکت ترین پیش نہ ہوئے تو سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس دفاع کیلئے کچھ نہیں ہے . انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کل انتہائی مایوسی کا شکار تھے، ان کو پتا ہے آنے والے دنوں میں اہم فیصلے ہونے ہیں، وہ لوگوں کو انتشار دلا رہے ہیں کہ کوئی بھی اہم فیصلہ ن لیگ اور اتحادی جماعتیں نہ کرسکیں، مولانا کا حکومت سے گِلا بالکل جائز ہے، لیکن عجلت میں بنائے گئے کیسز کا انجام شہزاد اکبر جیسا ہوگا .


جاوید لطیف اور مریم اورنگزیب کے خلاف دہشتگردی کی دفعات لگائی گئی ہیں، مریم نواز کے خلاف جھوٹاکیس ہے نیب کے پاس جواب نہیں ہے، مریم نواز کے بعد نوازشریف کیس کے خلاف اپیل دائر کریں گے .
عطا تارڑ نے کہا کہ میں خبر دے رہا ہوں کہ ایف آئی اے نے کل شوکت ترین کو طلب کیا ہے، اگر شوکت ترین پیش نہ ہوئے تو سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس دفاع میں کہنے کو کچھ نہیں ہے، شوکت ترین کو مکمل قانونی تیاری کے بعد بلایا گیا ہے،شوکت ترین اور تیمورجھگڑا کی آڈیوٹیپ کی سائنٹیفک تفتیش ہوچکی ہے، شوکت ترین کو بلایا گیا ہے کہ کس کے کہنے پر وہ آئی ایم ایف ڈیل کو سبوتاژ کرنے جا رہے تھے .

انہوں نے مزید بتایا کہ فواد چودھری نے پچھلے ہفتے میں 2 بار امریکی سفیر سے ملاقاتیں کیں، فواد چودھری نے برطانوی سفارتکار کو بھی اپنے گھر بلایا، اب اپنے بیانیئے پر پچھتا رہے ہیں کہ بیرونی سازش کا بیانیہ جھوٹا تھا، سیاست چمکانے کیلئے ریاست کو داؤ پر مت لگائیں، عمران خان نام لینے کی جرات کیوں نہیں کرتے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں . انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹا جائے گا انتشار پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، عمران خان صرف اپنے مفادات کو دیکھتے ہیں اس لیے ناکام ہیں، خان صاحب کچھ عناصر کے ذریعے اقتدار تک رسائی چاہتے ہیں، وقت آنے پر مریم نواز اس گٹھ جوڑ پر بھی بات کریں گی، چکوال کے جلسے میں کوئی نہ کوئی اسٹیج پر ہوگا جس کا تذکرہ کیا گیا .

. .

متعلقہ خبریں