ابوظہبی میں زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت گرگئی

ابوظہبی(قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے علاقے البطین میں زیر تعمیر عمارت جزوی طور پر منہدم ہوگئی، پولیس اور شہری دفاع کی ٹیموں نے رہائشیوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی تاکید کردی . اماراتی میڈیا کے مطابق ابوظہبی شہر میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں فی الحال البطین کے علاقے میں جزوی طور پر منہدم ہونے والی زیر تعمیر عمارت کی جگہ کو منظم اور محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں .


اس حوالے سے ابوظہبی پولیس نے کہا ہے کہ اس کی ٹیمیں واقعے سے نمٹنے کے لیے ابوظہبی سول ڈیفنس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں، اس دوران رہائشی سائٹ سے دور رہیں اور صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی معلومات پر انحصار کریں . اس واقعے میں ہونے والے کسی زخمی کے بارے میں ابھی تک کوئی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں تاہم البطین علاقہ ابوظہبی جزیرے کے مغربی جانب ایک بنیادی طور پر رہائشی علاقہ ہے اور اس میں بہت سے ولاز، پارکس اور کمیونٹی سہولیات موجود ہیں، البطین بیچ بھی ایک مقبول پرکشش مقام ہے .
اس سے کچھ دن پہلے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے ایک گودام میں آگ لگ گئی تھی ، حکام نے پھیلاؤ پر قابو پایا اور سائٹ کو ٹھنڈا کیا ، ابوظہبی پولیس نے مصفحہ انڈسٹریل ایریا میں آگ لگنے کی اطلاع دی، آگ ایک اسکریپ کے گودام میں لگی، ابوظہبی پولیس اور سول ڈیفنس نے آگ پر قابو پا لیا اور اسے بجھا دیا، آتشزدگی کے اس واقعے میں کسی کے زخمی یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی .
چند روز قبل فجیرہ میں البتھانہ کے علاقے میں تیل کے ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے بعد فجیرہ پولیس نے شیخ مکتوم اسٹریٹ کو البتھانہ کے علاقے سے الفرف راؤنڈ اباؤٹ تک دونوں سمتوں میں بند کردیا، فجیرہ پولیس کو حادثے کی اطلاع دینے والی کال موصول ہوئی تھی اور فائر فائٹرز کے ساتھ پولیس گشت کو بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر بھیجا گیا جہاں سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ضروری علاج کے لیے فجیرہ ہسپتال منتقل کردیا .
قبل ازیں 3 اگست کو متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے انڈسٹریل ایریا میں آٹو اسپیئر پارٹس کے دو گوداموں میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، شارجہ کے انڈسٹریل ایریا فور میں بدھ کے روز دو گوداموں میں آگ لگ گئی جن میں گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس تھے، دبئی، شارجہ اور عجمان کی طرف سفر کرنے والوں نے گوداموں سے دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل اُٹھنے کی اطلاع دی .

. .

متعلقہ خبریں