کراچی سے قیمتی موٹرسائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے والے 7 ملزمان گرفتار
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی سے قیمتی موٹرسائیکلیں چھین کر بلوچستان میں فروخت کرنے والے 7 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق شھر کراچی سے نئی قیمتی موٹرسائیکلیں چھین کر خضدار بلوچستان میں فروخت کرنے والے گروہ سمیت اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل لفٹنگ و منشیات فروشی میں ملوث 7 ملزمان تھانہ سعید آباد پولیس نے گرفتار کر لیے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانہ سعید آباد پولیس نے 4 مختلف کاروائیوں میں اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل لفٹنگ و منشیات فروشی میں ملوث 7 مطلوب ملزمان گرفتار کرلیے ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں کراچی سے نئی قیمتی موٹرسائیکلیں چھین کر خضدار بلوچستان میں فروخت کرنے والے تین رکنی منظم گروہ کو خفیہ اطلاع پر چھینی گئی موٹرسائیکلیں بلوچستان لے کر جاتے ہوئے حب ریور روڈ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
دوسری کارروائی میں اسٹریٹ کرائم و موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث دو ملزمان کو یوسف گوٹھ سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔
تیسری کارروائی میں ملزم بنام عدنان اسلم ولد محمد اسلم کو سیکٹر 14 بی سعید آباد میں اسلحہ کے زور پر چھینا جھپٹی کرتے ہوئے موقع واردات سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا جبکہ ملزم کا ساتھی بنام اسماعیل بلوچ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔چوتھی کارروائی میں منشیات فروشی میں ملوث ملزم بنام رومان شاہ ولد جلندر شاہ کو داؤد گوٹھ سے گرفتار کیا گیا۔