ملیر جیل سے فرار مزید 3 قیدی گرفتار، وزیر جیل خانہ جات کا متضاد اعداد وشمار کا نوٹس

درست اعداد و شمار نہ بتانے پر سابق جیل اہلکاروں کے خلاف مزید محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش


کراچی(قدرت روزنامہ)وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری ملیر جیل سے فرار قیدیوں سے متعلق متضاد اعداد و شمار کا نوٹس لیتے ہوئے اچانک ملیر ڈسٹرکٹ جیل پہنچ گئے۔
علی حسن زرداری نے فرار قیدیوں کے درست اعداد و شمار نہ بتانے پر سابق جیل اہلکاروں کی سرزنش کی اور وزیر اعلی سندھ کو ذمہ دار افسران کے خلاف مزید محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش کردی۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر کی قیدیوں سے مقدمات، صحت اور ان کی خوراک سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
علی حسن زرداری نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر جیل آیا ہوں، پارٹی قیادت کی ہدایت ہے کہ قیدیوں کر ہر طرح کی سہولت دی جائے۔
وزیر جیل خانہ جات سندھ نے کہا کہ قیدیوں اور ملاقاتیوں سے رشوت طلبی یا انہیں تنگ کرنے کا عمل کسی طرح برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب جیل سے فرارہونے والے مزید 3 قیدیوں کو پکڑ لیا گیا، پکڑے جانے والے قیدیوں کی تعداد 152 ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ جیل ملیر کی انتظامیہ کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل ملیرسے مجموعی طورپر225 قیدی فرار ہوئے تھے جن میں سے 125 قیدی گرفتار اور رضا کارانہ طور پر جیل واپس آگئے ہیں۔
جیل انتظامیہ کے مطابق 73 قیدی ابھی بھی مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert