مینار پاکستان واقعہ، پولیس تاحال کسی ملزم کو گرفتار نہ کر سکی

لاہور (قدرت روزنامہ)یوم آزادی پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر کے ساتھ چار سو کے قریب افراد نے بدتمیزی کی۔واقعے کو تین سے چار روز گزر گئے لیکن پولیس مینار پاکستان پر پیش آنے والے واقعے میں ملوث کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی اور سوشل میڈیا ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کو شناخت کر رہے ہیں اور بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔سوشل میڈیا پر کئی ایسی ویڈیوز موجود ہیں جس سے ملزمان کی شناخت باآسانی کی جا سکتی ہے۔ایسے میں ایک ایسا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بھی سامنے آیا ہے جس سے واقعے کی ویڈیو شیئر کی جا رہی ہیں اور مبینہ طور پر مذکورہ شخص موقع پر موجود تھا اور واقعہ میں ملوث تھا۔تاہم اب افتخار خان کے نام سے بنایا گیا یہ اکاؤنٹ ڈیلیٹ کیا جا چکا ہے۔سوشل میڈیا پر لوگوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ ویڈیوز میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت میں مدد فراہم کریں۔