کراچی (قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سب کراچی میں سڑکیں بنتے ہوئے دیکھ رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی میں انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے . پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے چند ماہ میں کامیاب دورے کیے اور کامیابی سےسیلاب متاثرین کا کیس پیش کیا جس کے نتیجے میں ورلڈ بینک نے سیلاب متاثرین کےلیے اچھا رسپانس دیا ہے .
انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک کراچی کے لیے 6 ارب ، سندھ کے لیے 7 ارب دیگا اور اس رقم سے کراچی کے انفرااسٹرکچر کو بہتر کیا جائے گا اور سیلاب متاثرین کے گھروں کو تعمیر کیا جائے گا .
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 5 لاکھ 23 ہزار 195 ترپال سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ 14 لاکھ 20 ہزار سے زائد خاندانوں کو راشن فراہم کر چکے ہیں . صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت 50 فیصد علاقوں سے پانی کو نکالا جا چکا ہے اور جہاں جہاں پانی کھڑا ہے وہاں سے بھی پانی نکالا جارہا ہے . ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ خود ساری چیزوں کو مانیٹر کر رہے ہیں .