نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا شیڈول اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا ہے، مہمان ٹیم2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے 2 مختلف مراحل میں پاکستان آئے گی۔27 دسمبر سے 15 جنوری تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی، ابتدائی مرحلے میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ اس دوران کھیلے جانے والے 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی جبکہ دوسرا 4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا، اس دورے میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔مہمان ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں وائٹ بال میچز کھیلے گی، اس دوران دونوں ٹیمیں 5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔
.@BLACKCAPS Test in Karachi (27-31 Dec) will be their first in the metropolitan city since October 1990 and first in Pakistan since the May 2002 Test in Lahore.
Complete details here ➡️ https://t.co/Ouo0445S6Y#PAKvNZ pic.twitter.com/B59m8q0VZE
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) October 10, 2022
اس مرحلے میں شامل ابتدائی 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پانچواں ٹی ٹوئنٹی اور ابتدائی 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، دورے میں شامل آخری 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، 4 اور 7 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے مابین پہلے 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز فیوچر ٹورز پروگرام کا حصہ ہیں جبکہ باقی 10 وائٹ بال میچز گزشتہ سال ستمبر میں ملتوی ہونے والی سیریز میں شامل تھے۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے پرجوش شائقین سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں 2022ء میں اعلیٰ معیار کے ہوم انٹرنیشنل کرکٹ مقابلے فراہم کریں گے اور اس ٹور کا آج اعلان کرنا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ذاکر خان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ ایک بہترین ٹیم ہے اور ان کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا، ان بڑی ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو تمام طرز کی کرکٹ میں ٹاپ تھری پوزیشن حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ سیریز کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو براہ راست کھیلتا دیکھنے میں مدد کرے گی، پاکستان کی ٹیم ایسی ٹیموں کے خلاف جتنی زیادہ کرکٹ کھیلے گی وہ اتنی ہی زیادہ مضبوط ہو گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ بلیک کیپس شدت سے ان دونوں ٹورز کے منتظر ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات بہت پرانے ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان احترام کا رشتہ ہے۔انہوں نے کہا وہ جانتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی کرکٹ کی ثقافت سے جڑے کراچی، ملتان، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلنے کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کے منتظر ہیں، حال ہی میں مکمل ہونے والے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دورۂ پاکستان نے انہیں تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے معیار اور چیلنج سے بخوبی آگاہ کر رکھا ہے۔
شیڈول:
دسمبر 27 تا 31- پہلا ٹیسٹ، کراچی (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)
جنوری 4 تا 8- دوسرا ٹیسٹ، ملتان (آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ)
جنوری 11- پہلا ون ڈے، کراچی (آئی سی سی سپر لیگ)
جنوری 13- دوسرا ون ڈے، کراچی (آئی سی سی سپر لیگ)
جنوری 15- تیسرا ون ڈے، کراچی (آئی سی سی سپر لیگ)
اپریل 13- پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، کراچی
اپریل 15- دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، کراچی
اپریل 16- تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، کراچی
اپریل 19– چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، کراچی
اپریل 23- ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، لاہور
اپریل 26- پہلا ون ڈے، لاہور
اپریل 28- دوسرا ون ڈے، لاہور
یکم مئی- تیسرا ون ڈے، راولپنڈی
مئی 4- چوتھا ون ڈے، راولپنڈی
مئی 7- پانچواں ون ڈے، راولپنڈی