بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، رات تک بجلی مکمل بحال کردیں گے، خرم دستگیر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ شام 7 سے 8 بجے تک بجلی مکمل بحال کردیں گے . خرم دستگیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی سے متعلق پاو رپلانٹس ٹرپ کر گئے، ٹرپ کرنے والے پاورپلانٹس کی بحالی میں کئی گھنٹے درکار ہیں .


‘بریک ڈاؤن کے بعد جزوی بحالی کا عمل شروع ہوگیا’
انہوں نے کہا کہ شام 7 سے 8 بجےتک بجلی مکمل بحال کردینگے، بریک ڈاؤن کے بعد جزوی بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے . وزیر توانائی نے کہا کہ سکھر میں بجلی سپلائی جزوی طور پر بحال کردی ہے، ہماری ترجیح کراچی، کوئٹہ اور حیدرآباد ہیں .
‘ملک کے شمال کو بریک ڈاؤن سے محفوظ رکھا ہے’
خرم دستگیر نے کہا کہ تکنیکی خرابی کو فوری دور کرنے کی کوشش کی گئی، ملک کے شمال کو بریک ڈاؤن سے محفوظ رکھا ہے . انکا کہنا ہے کہ 8 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے باہر ہوئی جبکہ 4 ہزار 700 میگاواٹ بجلی سسٹم میں واپس لائے ہیں .
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے قریب 2 لائنوں میں ایک ساتھ فالٹ آیا، وزارت توانائی خرابی کی وجہ معلوم کررہی ہے . خرم دستگیر نے مزید کہا کہ انکوائری ٹیم نے اپنا کام شروع کردیا ہے، انکوائری ٹیم 4 روز میں رپورٹ پیش کرے گی .
ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن
نیشنل گرڈ میں خرابی سے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے . ذرائع کے مطابق نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے .
پاور ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرِپ ہو رہے ہیں جس سے ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے . پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ وزارتِ توانائی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کر رہی ہے، جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں