ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں سیکیورٹی گارڈز کے لیے کام کی شرائط کی منظوری دی گئی ہے، جس کے تحت مسلسل 5 گھنٹے کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی . سعودی گزٹ کے مطابق انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے وزیر انجینئر احمد الراجحی نے مملکت میں سکیورٹی گارڈز کے لیے کام کے ماحول کی شرائط کی منظوری دیتے ہوئے ایک فیصلہ جاری کیا ہے .
وزیر کی طرف سے جاری کردہ شرائط و ضوابط میں کہا گیا ہے کہ سکورٹی گارڈز کو آرام، نماز اور کھانے کے وقفے کے بغیر مسلسل 5 گھنٹے کام کرنے سے روکا جائے گا، بشرطیکہ وقفہ ایک وقت میں آدھے گھنٹے سے کم نہ ہو، اس کے علاوہ سکیورٹی گارڈز کو سہولت میں یونیفارم فراہم کرنا بھی لازمی ہے اور وہ اس بات کی تعمیل کریں گے جو پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کے لیے طریقہ کار کے دستور العمل میں بیان کیا گیا ہے تاکہ سورج اور گرمی کے دباؤ کے اثرات کو روکا جا سکے .
بتایا گیا ہے کہ نئی شرائط و ضوابط ان اداروں اور کمپنیوں پر لاگو ہوں گے جو پرائیویٹ سیکٹر میں بلواسطہ یا بلاواسطہ سکیورٹی گارڈز کی ملازمت میں مصروف ہیں، یہ ضابطے ان فرموں کے لیے بھی لازمی ہیں جو پرائیویٹ سول سکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کرتی ہیں یا ان فرموں کے لیے جو براہ راست سکیورٹی گارڈز کو ملازمت دیتی ہیں . انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت کی طرف سے بدھ کو جاری کرہ بیان سے معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی گارڈ کے کام کے ماحول کو تین زمروں میں درجہ بندی کیا گیا ہے، پہلا اندرونی ماحول ہے جو کمرشل کمپلیکس کے اندر ہے اور اسی طرح بینکوں میں اندر کا ماحول شامل ہے، دوسرا بیرونی ماحول ہے جو عمارتوں سے باہر ہے جو غیر مستحکم موسمی حالات سے دوچار ہیں اور تیسرا دور دراز علاقے جہاں سہولیات زیر تعمیر ہیں اور جو شہری علاقوں سے بہت دور ہیں .
شرائط و ضوابط میں جسمانی سازوسامان کا ایک سیٹ بھی مقرر کیا گیا ہے جو کمپنی یا خدمات لینے والے مالک کو فراہم کرنا چاہیے اور وہ متعلقہ سکیورٹی گارڈز کے کام کے ماحول کے مطابق ایک جگہ سے دوسری جگہ میں مختلف ہو سکتے ہیں، وزیر کے فیصلے کا مقصد سکیورٹی گارڈز کے شعبے میں کام کے معیار کو بلند کرنے، اس کے ملازمین کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے، اس شعبے کی کشش کو بڑھانے اور سکیورٹی گارڈ کی ملازمتوں میں کارکنوں کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے .
وزارت نے متعلقہ نجی شعبے کے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ضوابط کی تعمیل کریں جو کہ وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے اس فیصلے کو شائع کرنے کی تاریخ سے 180 دنوں سے زیادہ نہ ہو، وزارت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی اور وزارت کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی فرموں پر جرمانے عائد کرے گی .