امارات میں داخلے کے لیے نئے قانون کا اعلان

ابوظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات میں داخلے کے لیے نئے قانون کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت ویزا سے مستثنیٰ ممالک کے مسافروں کیلئے بیماری سے پاک سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا . گلف نیوز کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی نے اعلان کیا ہے کہ ویزا سے مستثنیٰ ممالک کے شہریوں کو داخلے کے اجازت نامے حاصل کرنے کے لیے اپنے پاسپورٹ اور رنگین ذاتی تصاویر کے علاوہ بیماری سے پاک سرٹیفکیٹ بھی ساتھ لانا ہوگا .


اتھارٹی نے کہا کہ لازمی اور اختیاری دستاویزات درخواست میں درج ڈیٹا کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں، اتھارٹی نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات میں داخلے کے اجازت نامے جاری کرنے کے طریقہ کار کو تین چینلز کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے، بشمول اتھارٹی کی ویب سائٹ، سمارٹ ایپلی کیشن یا اتھارٹی کے کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز یا قریبی بااختیار ٹائپنگ آفس کے ذریعے بھی امارات میں داخلے کا اجازت نامہ حاصل کرنے کی درخواست دی جاسکتی ہے .
اس کے علاوہ دبئی میں غیرملکیوں کو جلد ہی چہرے کی شناخت کا استعمال کرتے ہوئے اپنے فون سے ویزا کے لیے درخواست دینے کی سہولت دی جائے گی، یہ نئی سروس دستیاب ہونے کے بعد دبئی کے رہائشیوں کو اپنی تصدیق کے لیے پاسپورٹ یا کوئی اور دستاویز استعمال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی . ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) دبئی اپنی تمام خدمات چہرے کی بایومیٹرک شناخت کے ذریعے فراہم کرے گا، اس منصوبے کے مکمل طور پر نافذ ہونے کے بعد دبئی کے رہائشی ڈی جی آر ایف اے سروس حاصل کرنے کے لیے اسمارٹ فونز کا استعمال کرتے ہوئے ویزا اور داخلے کے اجازت نامے کے لیے درخواست دے سکیں گے .
Gitex Global 2022 کے موقع پر بات کرتے ہوئے GDRFA میں پروجیکٹ مینجمنٹ آفس کی ڈائریکٹر فاطمہ سالم المزروئی نے کہا کہ اتھارٹی جلد از جلد شروع کرنے کے لیے پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے، ہمارا مقصد ہے کہ جی ڈی آر ایف اے کی تمام خدمات اور لین دین کو فیشل بائیو میٹرکس کے ذریعے پروسیس کیا جائے، تمام خدمات جیسے کہ رہائش، ویزا یا کسی دوسری خدمات کے لیے درخواست دینا چہرے کے بائیو میٹرکس سے قابل رسائی اور تصدیق شدہ ہو گی، دبئی کے رہائشیوں کو اپنی تصدیق کے لیے پاسپورٹ یا کوئی اور دستاویز استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی .
انہوں نے کہا کہ چہرے کی شناخت کا یہ منصوبہ GDRFA کی تمام خدمات پیش کرتا ہے، جس پر عمل درآمد میں کچھ وقت لگے گا کیوں کہ ہر قسم کی سروس کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے، ان خدمات کے آغاز کے لیے ٹائم فریم دینا مشکل ہے، ہم اسے جلد از جلد لانچ کرنے کے لیے تیز رفتاری سے کام کر رہے ہیں لیکن ٹائم لائن نہیں دی جاسکتی .

. .

متعلقہ خبریں