پانی کے بغیر جسم کو کیسے ہائیڈریٹ رکھا جائے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہم سب جانتے ہیں کہ بہتر صحت کے لیے صحت مند طرز زندگی اپنانا نہایت ضروری ہے جس میں متوازن غذا کا استعمال، ورزش کرنا، گہری اور پرسکون نیند لینااور یقیناً مناسب مقدار میں پانی پینا شامل ہے۔تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں سادہ پانی پینے میں مشکل پیش آتی ہے اور اس طرح وہ دن بھر کے تجویز کردہ پانی کی مقدار حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں

تاہم یہاں پر ایسے ہی افراد کے خوشی کی خبر ہے کہ وہ روزانہ 8 گلاس پانی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پانی کا بہترین نعم البدل استعمال کر سکتے ہیں جو کہ پانی ہی طرح آپ کو ہائیڈریٹ رکھ سکتے ہیں جنہیں یہاں بیان کیا جارہا ہے۔

کھیرا
کھیرا پانی کا بہترین متبادل ہے کیونکہ اس سبزی میں پانی کی مقدار دیگر سبزیوں اور پھلوں سے زیادہ یعنی 96 فیصد ہوتی ہے جبکہ یہ کولیسٹرول اور چکنائی سے پاک ہوتا ہے ساتھ یہ آئرن، وٹامن بی چھ اور وٹامن کے کے حصول کا بھی مؤثر ذریعہ ہوتا ہے۔ آپ اس کا جوس بھی لے سکتے ہیں یا ہائیڈریشن کے لیے اسے کھایا بھی جاسکتا ہے۔
تربوز
تربوز بیانوے فیصد پانی لیے دنیا کا وہ واحد پھل جو جسم میں پانی کی کمی کو تیزی سے پورا کرتا ہے۔ اس میں اسفنج سےمشابہت رکھنے والا مادہ پانی سے بھر پور ہوتا ۔ تربوز کو سرخ رنگ دینے والا لائیکو پین نامی جز اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیت کا حامل ہے۔
اگر ایک طرف یہ ہائیڈریشن کے لیے بہترین ہے تو دوسری جانب یہ کیلشیم، نمک اور میگنیشیم وٹامن اے، وٹامن سی اور پوٹاشیم جیسے اہم صحت بخش اجزاء کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔
ناریل پانی
ناریل کا پانی پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے لیکن کاربوہائیڈریٹ کی مقدار کم ہوتی ہے۔ ہلکی ورزش کے بعد یہ ایک اچھا ری ہائیڈریٹنگ ڈرنک ثابت ہوتا ہے۔
اسٹرابیری
ہائیڈریٹ رہنے کے لیے اسٹرابیری ایک بہترین میٹھا انتخاب ہے۔ اس میں 92 فیصد پانی ہوتا ہے اور یہ وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہے۔
چکنائی سے پاک دودھ
چکنائی سے پاک دودھ میں کاربوہائیڈریٹس، سوڈیم اور پروٹین کا قدرتی توازن ہوتا ہے جو جسم میں پانی کی سطح کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔