پاکستان اور چین افغانستان میں سیاسی حل کے لیے ہم سے تعاون کریں، امریکی محکمہ خارجہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈپرائس نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین افغانستان میں سیاسی حل کے لئے ہم سے تعاون کریں۔تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈپرائس کا کہنا تھا کہ ہم تمام ہمسایہ ممالک افغانستان میں استحکام کے قیام کےلیے اپنا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں، افغانستان سے ملحقہ ممالک کو بھی ایک خاص چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان کے تمام پڑوسیوں بالخصوص پاکستان اور چین کے سامنے یہ بات رکھی ہے کہ افغانستان میں استحکام، سلامتی اور سیاسی تصفیے کی تیاری میں ہماری مدد کریں، جو کہ سب کے مفاد میں ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈپرائس کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کے قبضے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری پناہ کے لیے پڑوس ممالک جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔