ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی رسائی، صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مبارک باد دی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم شہباز شریف نے مسکراتے ہوئے لکھا کہ ’’پاکستان اور نیدرلینڈز نے بہت اچھا کھیلا، دونوں ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔


وزیراعظم نے مزید کہا کہ مجھے دل سے یقین ہے کہ صرف کرکٹ میں ہی نہیں بلکہ ہم ان شاء اللہ بہت جلد تمام شعبوں میں واپس آئیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد ہوئے لکھا کہ بہت اعلیٰ! غیرمعمولی باصلاحیت، خوش قسمت پاکستانی، اللہ کا شکر ہم سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔


ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی زبردست باؤلنگ، آپ پاکستان کا اثاثہ ہیں۔ اللہ جانتا ہے کہ ہمیں بےچینی کے حالات میں اس خوشخبری کی اشد ضرورت تھی۔ گرین شرٹس کو سیمی فائنل کے لیے نیک خواہشات۔ انشاءاللہ ہم جیتیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلا دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔