وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کیسکو کا اعلیٰ سطحی اجلاس، صوبے میں بجلی کی فراہمی و تقسیم کا تفصیلی جائزہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کیسکو کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سید یوسف شاہ نے بریفنگ دی جس میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو درپیش مسائل اور ان کے حل کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے شکایتی نظام کو موثر بنانے کی ہدایت کی اور صوبے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے دور دراز علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے جامع اور موثر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کیسکو کو ہدایت کی کہ عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جائے اور موسم گرما میں بجلی کی غیر ضروری بندش اور بے جا لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ڈیرہ بگٹی، بیکڑ اور صوبے کے دیگر دور دراز علاقوں میں برقی ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

WhatsApp
Get Alert