پنجاب میں جے یو آئی کا جلسہ سبوتاژ کرنے اور مولانا غفور حیدری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، 10 دسمبر کو اے پی سی ہوگی: اصغر خان اچکزئی
حکمران ہوش کے ناخن لیں، نہ پہاڑ اور نہ ہی قومی شاہراہیں حکومت کے کنٹرول میں ہیں، اختیارات ڈویژن کی سطح پر دیے جائیں: آل پارٹیز پریس کانفرنس

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پنجاب میں جمعیت علمائے اسلام کے جلسے کو سبوتاژ کیا گیا اور جمعیت کے مرکزی رہنما مولانا غفور حیدری کو گرفتار کیا گیا، جس کی آل پارٹیز جماعتیں مذمت کرتی ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام بلوچستان بھر میں قومی شاہراہوں کی بندش کے تناظر میں کوئٹہ میں آل پارٹیز کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ حقیقی عوامی نمائندوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور جمہوری سیاسی جماعتوں کا راستہ روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان کے بقول موجودہ پارلیمنٹ اور حکمرانوں کی عوامی حیثیت پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ امن و امان کی ذمہ داری غیر ملکیوں کے ہاتھ میں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، اس کے باوجود اس کے خلاف کارروائیاں سمجھ سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ ہوش کے ناخن لے اور سیاسی جدوجہد کو کمزوری نہ سمجھے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ پہاڑ اور نہ ہی قومی شاہراہیں حکومت کے کنٹرول میں ہیں، جبکہ قوموں کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ اگر حکومت واقعی اختیارات کی منتقلی میں مخلص ہے تو ڈویژن کی سطح پر اختیارات دیے جائیں۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ میڈیا پر بھی قدغنیں عائد ہیں اور صحافی اپنے حقوق اور انصاف کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے اور مجید خان کے مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان مقدمات میں کارروائی کے احکامات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 10 دسمبر کو آل پارٹیز کانفرنس میں سیاسی جماعتیں اتحاد کی صورت میں سامنے آئیں گی۔
