بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے جمعیت علمااسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے احتجاج کی کال دیتے ہوئے قومی شاہرائیں بند کرنے کا اعلان کی حمایت کردی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے احتجاج کی کال دیتے ہوئے قومی شاہرائیں بند کرنے کا اعلان کی حمایت کردی ،سیاسی جماعتوں کا10 دسمبر کو ارباب ہاوس میں آل پارٹیز کا نفرنس منعقد کی اور نئے اتحادکا اعلان کیا جائیگا۔یہ بات عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے جمعرات کو کوئٹہ میں آل پارٹیز کے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر کبیر محمد شہی ، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیر شاہوانی ، سابق ایم پی ایز اختر لانگو ، احمد نواز بلوچ ، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکرٹری جنرل احمد کوہزاد ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی صدر احمد جان خان ، جمعیت علما اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات دلاور خان کاکڑ اور پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خوشحال کاسی اور ندا سنگر بھی موجود تھے۔ اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ اآل پارٹیز اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے ساتھ روا رکھے گئے رویہ کی مذمت کی گئی،، حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ملکی مسائل کو پس پشت ڈال کر حقیقی جمہوری سیاسی قوتوں پر حملہ آور ہونے کا نتیجہ خطر ناک ہوگا ، انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ جمہوری و سیاسی جدوجہد کی ہے اور ہمیشہ ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی ، بلوچستان اور خیبر پختوانخواء میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہے ، صرف یہاں کے وسائل پر نظریں ہیں ، کیا ملک چلانے کا نظام یہ ہے۔اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک مذہبی جماعت ہونے کے ساتھ جمہوریت، پارلیمنٹ اور ووٹ پر یقین رکھتی ہے اور پرامن احتجاج کرتی آرہی ہے اس کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
