چار اضلاع میں مختلف آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، موثر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے،شاہد رند

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار اضلاع میں مختلف آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، موثر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ 20 سے 23 نومبر کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 12 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بروقت اور موثر کارروائیاں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کوششوں کی عکاس ہیں۔ شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ خدمات قابل تحسین ہیں۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی ادارے بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں اس امر کا اظہار ہیں کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دہشت گردی کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف موثر کارروائیاں امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون اور مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔ شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششیں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور دہشت گرد عناصر کو عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
