خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے: کور کمانڈر پشاور

پشاور(قدرت روزنامہ)کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعیم اختر نے خیبرپختونخوا کے 12 نامزد اضلاع کی علاقائی نمائندگی و ترقیاتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نظام کومضبوط بنانے کے لیے بارہ اضلاع میں ضلعی سطح پر انتظامی اصلاحات کی گئی ہیں، بارہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کور کمانڈر نعیم اختر کا کہناتھا کہ بارہ اضلاع میں تمام 32 سرکاری محکمے ڈپٹی کمشنرز کو جوابدہ ہوں گے،ضلعی انتظامی نظام کومضبوط بنانےکےلیےسرکاری ملازمین کی سالانہ کارکردگی رپورٹس ڈی سیز اور اے سیز تحریر کریں گے۔ اے آر ڈی سی اراکین نے بارہ اضلاع میں قیام امن، ترقی اور بہتر گورننس کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا ۔

اجلاس میں کونسل کے چیئرمین انجینئر شوکت اللہ اور وائس چیئرمین خان مرجان نے شرکت کی جبکہ ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے ایڈمنسٹریٹر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے شرکا کو بارہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور صحت و تعلیم کے شعبوں پر بریفنگ دی گئی ، اے ڈی ایس نے بریفنگ میں بتایا کہ بارہ اضلاع میں 90 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جا رہا ہے، علاقے میں امن کے قیام کے لیے رواں سال پولیس اور سی ٹی ڈی کو 40 ارب روپے دیے جا رہے ہیں، اے آر ڈی سی اراکین ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم ہونے والی کمیٹیوں کا حصہ ہوں گے، اضلاع کی سطح پر انتظامی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔

بتایا گیا کہ تحصیل کمیٹیوں میں پولیس، عمائدین، نوجوانوں، صحافیوں، خواتین اور اقلیتوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کمیٹیوں کی سفارشات اے آر ڈی سی کے سامنے پیش کی جائیں گی۔

اے آر ڈی سی کے چیئرمین انجینئر شوکت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 اضلاع کے عوام بڑی امیدیں وابستہ کر کے اے آر ڈی سی سے رجوع کر رہے ہیں، نئے نظام کے قیام کے بعد بارہ اضلاع میں کرپشن کی رفتار کم ہوئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert