خیبرپختونخوا کے شہدا پیکج اور پولیس کی تنخواہوں میں اضافے پر کام جاری ہے، گورنرخیبر پختونخوا

پشاور(قدرت روزنامہ)گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیس اہلکاروں کے لیے ڈرونز اور دیگر ضروری سامان فوری فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ شہدا پیکیج اور تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے، جلد اس حوالے سے پیشرفت سامنے آئے گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہدا پیکیج میں اضافے اور اہلکاروں کی تنخواہوں کے معاملے پر بھی کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے لیے 170 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کا معاملہ زیرِ عمل ہے۔ ضم شدہ اضلاع اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور جلد اس حوالے سے مشاورت شروع ہوگی۔

گورنر نے بتایا کہ وفاقی وزیر مواصلات کے حالیہ دورے کے دوران صوبے کے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مختلف امور پر بات ہوئی۔ انہوں نے شمالی بائی پاس کا کام فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ اپر اور لوئر چترال، دیر اور چکدرہ کے راستوں سمیت دیگر اہم سڑکوں کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک روٹ اور سوات ایکسپریس وے پر حادثات کی صورت میں فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے درمیانی مقامات پر ریسکیو اور صحت کی سہولتیں ہونی چاہییں۔ صوبے کے جنوبی علاقوں میں بائی پاس کی تعمیر پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

صوبائی مالی صورت حال سے متعلق سوال پر گورنر نے کہا کہ آمدن میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ذمے واجب الادا محصولات وصول کریں۔ حکومت صوبے کو قرض یا اضافی مالی مدد کے سہارے چلانے کے بجائے اداروں کو مضبوط اور خود کفیل بنانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور غیر ضروری یا غیر قانونی بھرتیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ صحت کے شعبے میں بھی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، تاہم کسی بہتر نظام کو ختم کرنے کے بجائے اس میں بہتری لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert