ایک نئی سیاسی لیگ وجود میں آنے کے حالات پیدا ہورہے ہیں، سہیل وڑائچ کا دعویٰ

ریفرنڈم، نئے صوبوں اور نظام کے ری سیٹ کے اس پرجوش حامی دھڑے کے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے فاصلے بڑھ رہے ہیں، نئی سیاسی لیگ نے ن لیگ کو سب سے زیادہ بڑی آزمائش میں ڈالا ہوا ہے؛ تجزیہ کار کا کالم


لاہور(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے اپنے کالم میں دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ایک نئی سیاسی لیگ کے ابھرنے کے حالات پیدا ہو رہے ہیں جس کا ایجنڈا ریفرنڈم، نئے صوبوں اور نظام کے ری سیٹ کے گرد گھومتا ہے، یہ مجوزہ سیاسی قوت مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف تینوں سے مختلف ہے اور حکمران اتحاد میں موجود جماعتوں کو نئی صف بندی اور ممکنہ چیلنجز کا سامنا ہے۔
سینئر تجزیہ کار اور کالم نگار کے مطابق ایک نئی سیاسی لیگ کا دھڑا تشکیل پا چکا ہے جس کے حامیوں کے نام سامنے آ رہے ہیں، اور اس کا ایجنڈا مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے الگ ہے، اگرچہ یہ گروہ فی الحال اتحادی حکومت کا حصہ ہے لیکن کابینہ کے اندر سے مخالفانہ بیانات اور ریفرنڈم و نئے صوبوں پر متضاد آراء سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے الگ شناخت کے لیے پلیٹ فارم درکار ہوگا۔


ریفرنڈم، نئے صوبوں اور نظام کے ری سیٹ کے اس پرجوش حامی دھڑے کے ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے فاصلے بڑھ رہے ہیں، نئی سیاسی لیگ نے ن لیگ کو سب سے زیادہ بڑی آزمائش میں ڈالا ہوا ہے؛ تجزیہ کار کا کالم
سہیل وڑائچ لکھتے ہیں کہ ریفرنڈم، نئے صوبوں اور نظام کے ری سیٹ کے حامی دھڑے کی طاقت بڑھ رہی ہے اور مسلم لیگ ن و پیپلز پارٹی سے اس کے فاصلے بڑھ رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے اعلانیہ اختلاف کا اعلان کیا ہے، تاہم مستقبل میں اس کے اندر بھی گروپ بننے کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، یہ نئی لیگ مسلم لیگ ن کے لیے بڑی آزمائش ہے، جو چار سال ترقیاتی کام کر کے پانچویں سال سیاست کرنے کی حکمت عملی رکھتی تھی مگر نئی صف بندی نے اسے جلد فیصلوں پر مجبور کر دیا ہے اور عجلت میں ریفرنڈم و نئے صوبوں کی حکمت عملی سامنے آئی ہے۔
کالم میں کہا گیا ہے کہ اس اصلاحاتی سوچ کے حامی فی الحال وزیر اعظم شہباز شریف کے حوالے سے پر امید ہیں کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور ریفرنڈم، نئے صوبوں اور نظام کے ری سیٹ کے منصوبے سے آگاہ ہیں، تاہم بعض کو تحفظات ہیں، ماضی میں نواز شریف کی زندگی میں بھائی سے بغاوت کے اندازے غلط ثابت ہوئے، لیکن اب معاملہ کزنوں مریم نواز اور حمزہ شہباز کے مستقبل کا ہے۔
سہیل وڑائچ نے لکھا کہ نئے دھڑے کو مسلم لیگ ق کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جہاں ماضی کی طرح کنونشن لیگ یا ق لیگ کی طرز پر نئی شمولیتیں ہو سکتی ہیں، اگرچہ حتمی فیصلہ نہیں ہوا، چوہدری شجاعت حسین نے نئے صوبوں کے بجائے نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کا مشورہ دیا ہے مگر ان کی علالت کے باعث ان کے وفاقی و صوبائی وزیر بیٹے ری سیٹ کے ایجنڈے سے اتفاق کا راستہ اپنا سکتے ہیں۔
کالم میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ موجودہ کولیشن پرانی جماعتوں پر مشتمل ہے اور نئے لوگوں کے لیے گنجائش محدود ہے، جب کہ دو جماعتوں پر انحصار سے ایجنڈے کے نفاذ میں رکاوٹیں آتی ہیں، نظام کے کولیپس کی باتوں کے بعد اتحادیوں میں اعتماد کمزور ہوا ہے، تاہم اقتدار کے فوائد کے باعث اتحادی فی الحال الگ ہونے کو تیار نہیں، مگر یہ تاثر ابھرا ہے کہ نئی لیگ کا ایجنڈا نافذ ہو کر رہے گا۔
تجزیہ کار کا مؤقف ہے کہ تینوں بڑی جماعتوں کی ٹاپ قیادت 70 کے پیٹے میں ہے اور آئندہ پانچ سال میں کئی رہنما عملی سیاست سے دور ہو سکتے ہیں، پیپلز پارٹی میں بلاول بھٹو اور ن لیگ میں مریم نواز و حمزہ شہباز سامنے آئے ہیں جب کہ مقتدرہ اور پی ٹی آئی کے تعلقات خراب ہونے کے بعد پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لیے نئی سیاسی لیگ نئی و نوجوان قیادت کو سامنے لا سکتی ہے اور نئے صوبوں کے قیام سے نئی قیادتیں ابھر سکتی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert