واٹس ایپ میں اب میسجز شیڈول کرکے بھیجنا ممکن، فیچر استعمال کرنے کا طریقہ جانیں

نیویارک(قدرت روزنامہ)واٹس ایپ میں ایسے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔
جی ہاں واٹس ایپ میں اب صارفین اپنے میسجز کو شیڈول کرسکیں گے۔
یہ ایسا فیچر ہے جو اب تک میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں موجود نہیں تھا۔
درحقیقت یہ حیرت انگیز ہے کہ ایک میسجنگ ایپ میں اب تک اس طرح کا میسجز شیڈول کرنے والا فیچر موجود نہیں تھا۔
ایک نیا فیچر جو واٹس ایپ اسٹیٹس کو زیادہ بہتر بنائے گا
میٹا کی زیرملکیت میسجنگ پلیٹ فارم کی جانب سے شیڈول میسجز فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا۔
اس فیچر سے صارفین اپنے پیغامات کو پہلے سے شیڈول کرکے انہیں مخصوص وقت میں بھیج سکیں گے۔
یعنی اپنا پیغام ٹائپ کرکے تاریخ اور وقت کا تعین کرنا ہوگا اور پھر وہ اس وقت خودکار طور پر ڈیلیور ہو جائے گا۔
یہ فیچر انفرادی اور گروپ چیٹس میں ٹیکسٹ پیغامات، لنکس، تصاویر اور ویڈیوز کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
فیچر استعمال کرنے کا طریقہ جانیں
اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بہت آسان ہے۔
بس اپنا میسج لکھنے کے بعد کلک کرنے کی بجائے سینڈ آئیکون کو دبا کر رکھیں، جس پر ایک باکس اوپن ہوگا جس میں آپ میسج بھیجنے کے وقت اور تاریخ کا تعین کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ یہ باکس اسی صورت میں ںظر آئے گا، اگر یہ فیچر آپ کو دستیاب ہوگا۔
آپ 10 منٹ سے لے کر 2 ہفتوں کے درمیان کسی میسج کو شیڈول کرسکیں گے۔
شیڈول کیے گئے میسج چیٹ انفو اسکرین کے اندر موجود دیکھے جاسکیں گے، جن کو ڈیلیٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر دنیا بھر میں متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تو یہ آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
