نہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا، نہ ہاؤس اریسٹ، نہ ہی وہ ہمیں مطلوب ہیں، سی سی پی او لاہور

مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظربندی کیخلاف کیس میں پولیس نے جواب جمع کرادیا،سرکاری وکیل کا مولانا فضل الرحمان کے گزشتہ روز تعزیت کیلئے جانے کا دعویٰ، لاہور ہائیکورٹ نے ویڈیوز اور تصاویر منگوالیں


لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ میں جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی اور بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران پولیس نے عدالت میں جواب جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی ہاؤس اریسٹ کیا گیا ہے، جب کہ سرکاری وکیل نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ روز تعزیت کے لیے گئے تھے جس پر عدالت نے ویڈیوز اور تصاویر منگوانے کی ہدایت کردی۔
اطلاعات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مقامی وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، اس سماعت کے دوران سی سی پی او لاہور کی جانب سے سرکاری وکیل فرخ لودھی نے عدالت میں جواب جمع کروایا۔


پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی وہ پولیس کو مطلوب ہیں، جبکہ انہیں ہاؤس اریسٹ بھی نہیں کیا گیا، سماعت کے دوران سرکاری وکیل فرخ لودھی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز کسی کی تعزیت کے لیے گئے تھے۔
سرکاری وکیل کے بیان پر عدالت نے استفسار کیا کہ تعزیت پر جانے کے حوالے سے ان کے پاس کیا ثبوت موجود ہے؟ اس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمان کی ویڈیوز اور تصاویر موجود ہیں، عدالت نے ہدایت کی کہ وہ ویڈیوز اور تصاویر منگوا لی جائیں، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔
گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا، اگر انہیں نظر بند کیا ہے تو وجوہات دینی ہوں گی، عدالت نے سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرکے اس حوالے سے جواب طلب کیا تھا۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے ریمارکس دیئے تھے کہ اگر نظر بندی ہوئی ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے، جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا اور اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا گیا ہے تو اس کی وجوہات دینی ہوں گی، ان ریمارکس کے ساتھ ہی لاہور ہائی کورٹ نے اس معاملے پر سی سی پی او لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا اور مزید کارروائی ملتوی کردی تھی۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب لاہور میں پارک ویو سوسائٹی میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس نفری تعینات کردی گئی اور ان کی نقل و حرکت کو محدود کیا گیا تھا، مولانا فضل الرحمان لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے، ان کی مبینہ نظر بندی اور بازیابی کے لیے جے یو آئی کے کارکن اور وکیل ابرار حسین نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں آئی جی پولیس پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert