پاکستانی سفیر کی شکاگو میں کاروباری افراد سے ملاقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

پاکستانی سفیر نے دوطرفہ تعلقات کے مستقبل میں نوجوان نسل کے کردار کو اہم قرار دیا


شکاگو(قدرت روزنامہ)پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکا کے شہر شکاگو میں طلبہ، ماہرین تعلیم، نوجوان رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کرکے پاک امریکا تعلقات، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
شکاگو یونیورسٹی میں طلبہ کے زیر اہتمام پہلے پاکستان سمٹ کے موقع پر سفیر رضوان سعید شیخ نے خصوصی نشست میں پاکستان کی خارجہ پالیسی، پاک امریکا تعلقات اور ابھرتے ہوئے معاشی مواقع پر گفتگو کی۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کے مستقبل میں نوجوان نسل کے کردار کو اہم قرار دیا۔ امریکی کانگریس کے رکن جوناتھن جیکسن بھی سمٹ میں شریک ہوئے اور پاکستان و امریکا کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا تذکرہ کیا۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے 22 اور 23 نومبر کو شکاگو کے دو روزہ دورے کے دوران کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات پر غور کیا گیا، جبکہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں سے امریکی سیاسی اور سماجی قیادت کے ساتھ روابط بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
دورے کے دوران رومیوویل، الینوائے کے میئر جان نوک کی جانب سے دیے گئے ورکنگ لنچ میں پاکستان اور امریکی شہر کے درمیان سسٹر سٹی شراکت داری قائم کرنے، معاشی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ شکاگو یونیورسٹی میں پاکستانی خطاطی کے فن کی نمائش بھی دورے کا حصہ رہی، جس میں پاکستان کے ثقافتی اور فنکارانہ ورثے کو اجاگر کیا گیا۔
دورے کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، ٹیکنالوجی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کو فروغ دینا تھا۔

WhatsApp
Get Alert