پی آئی اے کی برطانیہ سے پاکستان آنے والی دو پروازیں منسوخ، آج سے اپنے بوئنگ 777 طیارے چلانے کا اعلان
نورز ایئر کی جانب سے پیشگی اطلاع کے بغیر فضائی آپریشن معطل کرنے پر لندن سے اسلام آباد اور مانچسٹر سے لاہور کی پروازیں منسوخ ہوئیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ناروے کی فضائی کمپنی نورز اٹلانٹک ایئرویز کی جانب سے اچانک آپریشن معطل کیے جانے کے بعد برطانیہ سے پاکستان آنے والی دو پروازیں منسوخ کردیں، جبکہ 26 نومبر سے برطانیہ کی تمام پروازیں اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پی آئی اے کے باضابطہ بیان اور خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی شب لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 786 اور مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 710 منسوخ کی گئیں۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق ناروے کی فضائی کمپنی نے اس وقت آپریشن معطل کرنے کی اطلاع دی جب مسافر اپنی پروازوں میں سوار ہونے کی تیاری کررہے تھے۔
پی آئی اے نے مسافروں کو پیش آنے والی پریشانی پر معذرت کی ہے۔
پی آئی اے اپنے طیاروں سے پروازیں چلائے گی
قومی ایئرلائن نے کہا ہے کہ مستقبل میں کسی دوسری فضائی کمپنی کی جانب سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے بچنے کے لیے برطانیہ کے تمام فضائی آپریشن اپنے بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق معمول کے فلائٹ شیڈول کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ نورز اٹلانٹک کے ساتھ یہ معاملہ اعلیٰ انتظامی اور معاہداتی سطح پر اٹھایا جارہا ہے۔ پی آئی اے نے اکتوبر میں ناروے کی فضائی کمپنی سے دو بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ ویٹ لیز کے تحت طیاروں کے ساتھ فضائی عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
ان میں سے پہلا طیارہ یکم نومبر کو اسلام آباد پہنچا تھا۔
ناروے کی ایئرلائن کو مالی بحران کا سامنا
رائٹرز کے مطابق نورز اٹلانٹک ایئرویز نے بدھ کے روز اپنی مالی صورت حال کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ فضائی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اسے فوری طور پر اضافی مالی وسائل درکار ہیں۔ کمپنی مختصر مدت کے لیے فنڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے، تاہم ان کوششوں کی کامیابی کی ضمانت نہیں دی گئی۔
متاثرہ مسافر کیا کریں؟
پی آئی اے کے مطابق اس کی ٹیمیں منسوخ شدہ پروازوں کے مسافروں سے رابطہ کررہی ہیں تاکہ انہیں آئندہ پروازوں میں جگہ فراہم کی جاسکے۔ تاہم تمام متاثرہ مسافروں کی نئی بکنگ مکمل ہونے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ قومی ایئرلائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بکنگ میں تبدیلی یا پروازوں کے شیڈول سے متعلق معلومات کے لیے 24 گھنٹے دستیاب کال سینٹر +92-21-111-786-786، لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 یا مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے کاؤنٹرز سے رابطہ کریں۔ مسافر قومی ایئرلائن کی ویب سائٹ www.piac.com.pk سے بھی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
