امریکا نے اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی اجازت دے دی


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی وفاقی کمیشن برائے مواصلات (ایف سی سی) نے ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کو خلا میں ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے 10 لاکھ سیٹلائٹس تعینات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
اسپیس ایکس نے رواں سال کے اوائل میں زمین پر استعمال ہونے والے بھاری مقدار کے ڈیٹا کو پراسیس کرنے کے لیے 10 لاکھ تک آربیٹل کمپیوٹ ماڈیولز تعینات کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
ایف سی سی نے کہا کہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی کمپیوٹنگ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد کے لیے اسپیس ایکس کے ’اسٹار مائنڈ‘ سیٹلائٹ نیٹ ورک کی منظوری دے رہا ہے۔
ایف سی سی کے مطابق اس لائسنس کے تحت اسپیس ایکس کو نومبر 2033 تک سیٹلائٹس کی تعیناتی کا آغاز کرنا ہوگا، نومبر 2035 تک زیادہ سے زیادہ تعداد کا 10 فیصد یعنی ایک لاکھ سیٹلائٹس اور نومبر 2038 تک 50 فیصد سیٹلائٹس خلا میں تعینات کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ ڈیٹا سینٹرز مصنوعی ذہانت کی بنیادی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جنہیں چلانے کے لیے بجلی کی بے پناہ مقدار درکار ہوتی ہے۔
اسپیس ایکس نے ایف سی سی کو بتایا کہ ’کم آپریٹنگ یا دیکھ بھال کے اخراجات کے ساتھ تقریباً مسلسل دستیاب شمسی توانائی کو براہِ راست بروئے کار لا کر یہ سیٹلائٹس لاگت اور توانائی کی بچت میں انقلابی کارکردگی حاصل کریں گے جبکہ زمین پر موجود ڈیٹا سینٹرز سے منسلک ماحولیاتی اثرات میں بھی نمایاں کمی آئے گی‘۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اسپیس ایکس واقعی خلا میں 10 لاکھ سیٹلائٹس بھیجے گا یا نہیں کیونکہ اس وقت خلا میں مجموعی طور پر صرف 17 ہزار سیٹلائٹس موجود ہیں۔ سیٹلائٹ آپریٹرز بعض اوقات ڈیزائن میں لچک برقرار رکھنے کے لیے اپنی اصل ضرورت یا ارادے سے کہیں زیادہ سیٹلائٹس کی منظوری طلب کرتے ہیں۔
اسپیس ایکس نے اپنے ’اسٹار لنک‘ نظام کی تعیناتی شروع کرنے سے قبل بھی 42 ہزار سیٹلائٹس کی منظوری طلب کی تھی جبکہ اس تیزی سے پھیلتے ہوئے نیٹ ورک کے اس وقت خلا میں 11 ہزار سے کچھ زائد سیٹلائٹس ہی موجود ہیں۔
اسپیس ایکس کی اس درخواست کا زیادہ تر انحصار کمپنی کے زیرِ تعمیر دوبارہ قابلِ استعمال راکٹ ’اسٹار شپ‘ کے کم اخراجات پر ہے، جو ان سیٹلائٹس کی تعیناتی میں مددگار ثابت ہوگا۔
دوسری جانب امیزون کے اوریول سیٹلائٹ یونٹ ’لیو‘ اور دیگر کمپنیوں نے اس منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس بات کا امکان کم ہے کہ اسپیس ایکس تمام سیٹلائٹس تعینات کرسکے گا اور ایسا کرنے میں صدیاں لگ سکتی ہیں۔ تاہم ایف سی سی کے چیئرمین برینڈن کار نے مارچ میں اس تنقید کو مسترد کر دیا تھا۔

WhatsApp
Get Alert