سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مخصوص ایجنڈے اور نظریات کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مخصوص ایجنڈے اور نظریات کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، بعض عناصر ممنوعہ تنظیموں کے بیانیے اور انتہا پسندانہ نظریات کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کے واقعات ایک سنگین مسئلہ ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا الگورتھم منفی مواد کو نمایاں کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مثبت اور تعمیری مواد تخلیق کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ٹک ٹاک پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ مواد کے ساتھ اے آئی کا لیبل لگانا ضروری ہے۔

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وائرل مواد کو مالی فوائد سے منسلک کرنے کے رجحان نے منفی رویوں کو فروغ دیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز خواتین کی عزت، وقار اور نجی زندگی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کرنے اور اپنی موجودگی مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ ہے، دنیا کے بعض ممالک نے بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جبکہ کئی ملکوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے حوالے سے قوانین بھی متعارف کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا حق ہے کہ اسے میڈیا کے ذریعے حقائق پر مبنی معلومات فراہم کی جائیں۔ پاکستان میں متعدد میڈیا چینلز اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ سیاسی کارکن ہونے کے ناطے میں آزادی اظہار رائے کا مخالف نہیں ہوں۔

WhatsApp
Get Alert