واٹس ایپ کا آئی فون صارفین کے لیے آواز والے اسٹیکرز متعارف کرانے کا فیصلہ

نیویارک(قدرت روزنامہ)واٹس ایپ نے آئی فون (آئی او ایس) صارفین کے لیے آواز والے اسٹیکرز کا نیا فیچر متعارف کرادیا ہے، جس کے ذریعے صارفین متحرک اسٹیکرز کے ساتھ آڈیو کلپس بھی شامل کرسکیں گے اور اپنی گفتگو کو مزید دلچسپ بنا سکیں گے۔

ویب بیٹا انفو کے مطابق میٹا کی زیرملکیت واٹس ایپ صارفین کو اسٹیکر کی بورڈ میں موجود ‘کریئیٹ اسٹیکر’ کا آپشن منتخب کرکے اپنی گیلری سے ویڈیو لینے کی سہولت دے رہا ہے۔

واٹس ایپ اس ویڈیو کو متحرک اسٹیکر میں تبدیل کردے گا، جس کے بعد اس میں آواز شامل کرنے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔ یہ سہولت فی الحال منتخب بیٹا صارفین کو مرحلہ وار فراہم کی جارہی ہے، جبکہ مستقبل قریب میں اسے مزید صارفین تک پہنچانے کا امکان ہے۔

نئے فیچر کی آڈیو لائبریری میں مختلف آپشنز شامل ہیں، جن میں اصل ویڈیو کی آواز، پہلے سے موجود صوتی اثرات جیسے خوفناک قہقہہ، بلی کے خرخرانے کی آواز اور انسانی آواز میں حیرت کا اظہار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صارفین اپنی آڈیو فائلیں درآمد کرنے اور صوتی پیغامات ریکارڈ کرکے شامل کرنے کے قابل بھی ہوں گے۔

آواز والے اسٹیکرز موصول کرنے والے صارفین کو ان پر ایک چھوٹا سا آڈیو آئیکون نظر آئے گا، تاہم آواز پہلے سے بند ہوگی۔ صارفین اس آئیکون پر کلک کرکے آواز سن سکیں گے، جو رکنے سے پہلے 3 مرتبہ دہرائی جائے گی۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کے بعد اب آئی او ایس پر بھی پیش کیا جارہا ہے۔ اس کا مقصد اسٹیکرز کے ذریعے ہونے والی گفتگو کو مزید دلچسپ اور انٹرایکٹو بنانا ہے۔

واٹس ایپ یہ سہولت آئی فون صارفین کو مرحلہ وار فراہم کررہا ہے، جس میں ایپ اسٹور سے ایپ استعمال کرنے والے منتخب صارفین بھی شامل ہیں۔ تاہم کمپنی نے ابھی تک اس فیچر کے باضابطہ اجرا کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

WhatsApp
Get Alert