تربت،مچات میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد کا حملہ مشینری نذر آتش،پولیس

تربت (قدرت روزنامہ) پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق تربت کے ضلع کیچ میںزیر تعمیر تربت،بل نگور روڈ کے تعمیراتی کمپنی صالح ٹیکنو انٹرپرائزز (Saleh Techno Enterprises) کے بل نگور کے علاقے مچات میں قائم مین کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے رات تقریباً 8 بجے دھاوا بول کر کیمپ کو گھیرے میں لے لیا اور ہیوی مشینری و گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچا ہے۔ مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق رات گئے مسلح افراد کیمپ میں داخل ہوئے اور وہاں موجود مشینری اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ واقعے کے نتیجے میں قیمتی مشینری جل کر تباہ ہو گئی، جس کے باعث تربت–بل نگور شاہراہ کے تعمیراتی کام میں شدید تعطل اور طویل تاخیر پیدا ہونے کا قوی خدشہ ہے۔بل نگور روڈ خطے کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل شاہراہ ہے، جس پر روزانہ سینکڑوں اور مجموعی طور پر ہزاروں مسافر آمدورفت کرتے ہیں۔ بل نگور کے کاشتکار اور زمیندار اپنی باغات کی پیداوار اور زرعی اجناس منڈیوں اور تربت تک پہنچانے کے لیے اسی راستے پر انحصار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے میں مکمل طبی سہولیات اور ہسپتال کی عدم موجودگی کے باعث مریضوں کو فوری علاج کے لیے تربت لے جانا پڑتا ہے، جس میں یہ سڑک کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے تعمیراتی مشینری کو آگ لگانے کی شدید میں مذمت کرتے ہوئے مشینریز کو آگ لگانے سے روڈ کی تعمیراتی کام رکنے سے سفری مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، زرعی پیداوار کی ترسیل متاثر ہوگی اور ایمرجنسی میں مریضوں کو تربت منتقل کرنے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔اہل علاقہ نے مسلح افراد کی جانب سے کیمپ اور مشینری کو آگ لگانے شدید مذمت کی ہے
