مولانا فضل الرحمٰن کا راستہ روکنا اور جے یو آئی قائدین کی گرفتاریاں ملکی آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے: پشتونخوامیپ

اختلافِ رائے کو طاقت سے دبانا ناقابلِ قبول ہے، تمام گرفتار شدگان کو فوری رہا اور مقدمات واپس لیے جائیں: مرکزی سیکرٹریٹ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں جمعیت علماء اسلام کے قائدین کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن صاحب کا جلسہ میں شرکت سے قبل راستہ روکنے اور سیاسی جمہوری احتجاج پر قدغن ملکی آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں سیاست، سیاسی جمہوری پارٹیوں کے مثبت جمہوری کردار کو ختم کرنے اور سیاسی نظام کو سٹیبلشمنٹ کے ماتحت بنانے اور ملکی آئین جو پہلے سے غیر منتخب پارلیمنٹ سے پائمال کیا جاچکا ہے اور اب سیاسی احتجاج کا راستہ روکنے کی کارروائی دراصل آئینی انسانی حقوق کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جمہوریت اور آئینی سیاسی جمہوری نظام کے استحکام کے دعوے کیئے جاتے ہیں دوسری طرف سیاسی جمہوری پارٹی کے قیادت کی نقل وحمل اور سیاسی جمہوری سرگرمیوں سے محروم کرنے اور اختلاف رائے کو طاقت کے ذریعے دبانے کے اقدامات کیئے جارہے ہیں یہ طرز عمل ان دعووں اور زمینی حقائق کے درمیان واضح فرق ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمہوریت میں سیاسی اختلاف کوئی جرم نہیں گنوائی اور نہ ہی کسی جماعت یا رہنماء کر پُرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکنا قابل قبول ہے۔ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام جماعتوں کے لیے یکساں آئینی وقانونی حقوق یقینی بنائیں نہ کہ سیاسی وابستگی کی بنیاد پر پابندیاں اور گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی آزادانہ نقل وحرکت میں حائل تمام رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں اور جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کے خلاف بلاجواز مقدمات، گرفتاری ناقابل قبول ہے۔ بیان کے آخر میں جمعیت علماء اسلام کے تمام گرفتار شدگان کی فوری رہائی اور ایف آئی آر واپس لینے اور سیاسی جمہوری آزادیاں بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert