عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا، کرپشن نظام کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہی ہے: آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان
تربت میں کھلی کچہری، چینی کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، بھتہ لینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی: زاہد سلیم، غفلت پر 300 ڈاکٹر برطرف کیے: سیکرٹری صحت

تربت (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ایف سی ساؤتھ بلوچستان، ضلعی انتظامیہ کیچ اور حکومت بلوچستان کے مختلف محکموں کے اشتراک سے ایف سی ہیڈکوارٹر تربت میں عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے چیک پوسٹوں پر مبینہ بھتہ خوری، چینی اور یوریا کھاد کی ترسیل، کرپشن، صحت و تعلیم کی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مختلف مسائل اور شکایات پیش کیں۔ آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل ظفر اقبال کی زیرِ قیادت منعقدہ کھلی کچہری میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم، سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، سیکریٹری تعلیم لعل جان جعفر، سیکریٹری آبپاشی سہیل الرحمٰن، سیکریٹری زراعت داؤد خان خلجی، سیکریٹری پبلک ہیلتھ شاہ زیب کاکڑ، پروجیکٹ ڈائریکٹر فیڈرل کمیونیکیشن اینڈ ورکس، کمشنر مکران ڈویژن ڈاکٹر طفیل احمد بلوچ، ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی، ڈپٹی کمشنر تمپ برکت علی، ڈپٹی کمشنر پنجگور جہانزیب بلوچ سمیت مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں شہریوں اور تاجروں نے حکام کے سامنے اپنے مسائل رکھے اور مختلف معاملات پر سوالات کیے۔
آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام ہی پر خرچ ہونا چاہیے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور فنڈز کا درست استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی کے منصوبوں پر شفاف انداز میں کام کیا جارہا ہے اور ان منصوبوں میں ایک روپے کی بھی غیرقانونی کٹوتی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کرپشن کو صوبے کے لیے دیمک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناسور نظام کو اندر سے کھوکھلا کررہا ہے، جبکہ پی ایس ڈی پی کے بیشتر منصوبوں میں ایکسیپٹنس کے مرحلے پر بھی کٹوتیوں کی شکایات سامنے آتی ہیں، تاہم بی ایس ڈی آئی میں اس قسم کی کوئی کٹوتی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی کے لیے عوام اور اداروں کے درمیان رابطہ ناگزیر ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات و منصوبہ بندی بلوچستان زاہد سلیم نے انجمن تاجران کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں چینی کی ترسیل پر کوئی پابندی عائد نہیں، اگر کسٹم یا کسی دوسرے ادارے کے اہلکار غیرقانونی طور پر بھتہ وصول کررہے ہیں تو ان کی نشاندہی کی جائے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی شہری یا تاجر کو کسی بھی چیک پوسٹ پر غیرقانونی ادائیگی کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے یوریا کھاد پر عائد پابندی ختم کردی ہے اور عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں بدعنوانی کی نشاندہی ہوگی، ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ زاہد سلیم نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار اور خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت بلوچستان نے 15 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ نوجوان اپنے کاروباری منصوبے اور پروپوزل جمع کرائیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد کاروبار کے آغاز کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں رائز پروگرام کے تحت بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے ذریعے بھی اقدامات جاری ہیں۔
سیکریٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمٰن پانیزئی نے کہا کہ کوئٹہ کے بعد ٹیچنگ اسپتال تربت صوبے کے بڑے اور بہترین اسپتالوں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت میں غفلت اور غیرحاضری کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اب تک تقریباً 300 ڈاکٹروں کو ملازمت سے برخاست کیا جاچکا ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد ڈاکٹروں اور طبی عملے کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں کنٹریکٹ بنیادوں پر تقرریوں کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ کارکردگی اور جوابدہی کو بہتر بنایا جاسکے۔ سیکریٹری صحت نے بتایا کہ تربت میں ٹراما سینٹر کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جبکہ چائلڈ ہیلتھ سینٹر کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ چائلڈ ہیلتھ سینٹر میں بچوں کو مفت ادویات سمیت ضروری طبی سہولیات ایک ہی جگہ فراہم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے آن لائن طبی مشاورت کے لیے مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں، جو شہریوں کو فون پر طبی رہنمائی فراہم کریں گے۔ ان کے مطابق قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر ایک ہزار سے زائد اسپتالوں میں شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور شہری شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے مفت علاج کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت اور وزیراعلیٰ بلوچستان کا وژن صحت سب کے لیے ہے۔
سیکریٹری زراعت داؤد خان خلجی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کسانوں کو سبسڈی کے تحت بیج فراہم کررہی ہے جبکہ یوریا کھاد پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔ انہوں نے بینظیر کسان کارڈ کو زمینداروں اور کسانوں کے لیے اہم سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آئندہ بھی زرعی شعبے سے وابستہ افراد کو مزید سہولیات فراہم کرے گی۔ سیکریٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر نے کہا کہ اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کنٹریکٹ بنیادوں پر اساتذہ تعینات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ضلع کیچ دیگر اضلاع کے مقابلے میں بہتر پوزیشن رکھتا ہے، تاہم میٹرک کے بعد بچیوں کی بڑی تعداد مزید تعلیم جاری نہیں رکھ پاتی، جس کے پیش نظر مختلف اسکولوں کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا جارہا ہے تاکہ طالبات کو اپنے علاقوں میں انٹرمیڈیٹ تک تعلیم کے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسکولوں میں جدید سائنسی لیبارٹریوں اور ضروری تعلیمی آلات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔ گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول میں تقریباً 2500 طالبات زیر تعلیم ہیں۔ ایف اے اور ایف ایس سی کی کلاسز بھی اسکولوں میں شروع کی جارہی ہیں جبکہ آبسر کے اسکول کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا گیا ہے۔ بلوچستان میں تعلیمی بورڈز سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک ہی تعلیمی بورڈ برقرار رکھا جائے گا کیونکہ دو بورڈز کے قیام سے امتحانی نتائج اور نمبروں کے حوالے سے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ کھلی کچہری کے اختتام پر حکام نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے مسائل اور شکایات متعلقہ محکموں تک پہنچا کر ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور صحت، تعلیم، زراعت اور کاروبار کے شعبوں میں بہتری کے لیے حکومتی کوششیں جاری رہیں گی۔
