علی گُل پیر کی وزیر اعظم کے بیان پر دلچسپ پیروڈی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے معروف کامیڈین، گلوکار، اداکار و میزبان علی گُل پیر نے وزیراعظم عمران خان کے ایک وائرل بیان پر دلچسپ پیروڈیویڈیو بنائی ہے جسے انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔علی گُل پیر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ وزیراعظم عمران خان کے ایک وائرل بیان کو مزاحیہ انداز میں اداکاری کرتے ہوئے اُسے دلچسپ ڈرامے میں ڈھال رہے ہیں۔علی گُل پیر نے اپنی اس پیروڈی ویڈیو کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کا اصل بیان بھی شیئر کیا ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’اُن کی صرف اتنی زندگی ہے کہ وہ گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر جاتے ہیں، بیچ میں اُن کی کوئی اضافی یا غیر ضروری مصروفیت نہیں ہوتی ، وہ کام پر بہت زور دیتے ہیں اور بس کام کرتے ہیں۔‘وزیر اعظم عمران خان کا اپنے وائرل بیان میں مزید کہنا ہے کہ ’وہ گھر سے باہر گھومنے بھی نہیں نکلتے تا کہ نہ سیکیورٹی کا مسئلہ ہو اور نہ ہی خرچہ ہو، وہ ملک کا خرچہ نہیں کرتے، وہ کوئی پرائیویٹ دورے نہیں کرتے ، اُن کے بچے لندن میں ہیں، وہ اقتدارمیں آنے کے بعد لندن اپنے بچوں سے بھی ملنے نہیں گئے ہیں۔‘وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’وہ صرف کام کرتے ہیں اور کام کرنے پر توجہ دیتے ہیں۔‘علی گُل پیر نے اس بیان پر دلچسپ اداکاری کی ہے جس سے سوشل میڈیا صارفین خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔