وزیراعظم شہبازشریف نے اسرائیل کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیدیا

اسرائیل نے ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی،وزیراعظم شہبازشریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کو عالمی امن کےلیے خطرہ قرار دیدیا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ صیہونی ریاست نے ایران کے خلاف کھلی جارحیت کی۔ غزہ میں بھی ظلم کا بازار گرم ہے۔ عالمی ضمیر کب جاگے گا؟ اسرائیلی اقدامات عالمی اور خطے کے امن کیلئے خطرناک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے حوالے سے صورتحال افسوسناک ہے، ہم نے ایران پراسرائیلی حملے کی مذمت کی، ایرانی صدر سے پاکستانی عوام کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا، عالمی ممالک کو جلد جنگ بندی کیلئے کوشش کرنی چاہیے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بھارت کیخلاف جنگ میں اللہ تعالیٰ نے عظیم فتح عطا فرمائی، دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے، افواج کو جو ضروری سامان چاہیے،ہم نے بجٹ میں اسپیس کو بڑھایا، پی ایس ڈی پی کو اس سال ایک ہزار ارب پر لائے ہیں، جو معیشت کو ڈیفالٹ پر لے گئے تھے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کے حوالے سے بحث جاری ہے، بجٹ کے حوالے سے وزیرخزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آئی ایم ایف کو بتادیا تھا۔ زراعت اور کھاد پر ٹیکس نہیں لگنے دیں گے، تنخواہوں میں اضافہ 10 فیصد کیا گیا۔ 6 لاکھ سے 12 لاکھ تک لوگوں پر ایک فیصد ٹیکس لگے گا، پچھلے سال 5 فیصد تھا خوشی ہے آئی ایم ایف نے اس بات کو مان لیا۔

WhatsApp
Get Alert