شوقیہ کھوجی نے سیکڑوں برس قدیم شاندار انگوٹھی ڈھونڈ نکالی، قیمت 47 ہزار ڈالر

لندن(قدرت روزنامہ) میٹل ڈٹیکٹر سے زمین کے اندر چھپی دھاتیں تلاش کرنے والے شخص کے ہاتھ ایک بہت بڑی دریافت آئی ہے جو سینکڑوں سال قبل شادی کی ایک انگوٹھی ہے اور اس پر قیمتی ہیرا جڑا ہے۔برطانیہ کی کاؤنٹی مغربی سسیکس کے بعض تھورن کومبے نامی علاقے سے یہ انگوٹھی ملی ہے جو بہترین حالت میں ہے۔ توقع ہے کہ یہ نیلامی میں 40 سے 47 ہزار ڈالر میں فروخت ہوجائے گی۔ 69 سالہ ڈیوڈ بورڈ کو یہ انگوٹھی بہترین حالت میں ملی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ 1970 سے میٹل ڈٹیکٹر سے قیمتی دھاتی اشیا تلاش کررہے ہیں۔ لیکن ایک عرصے تک یہ کام چھوڑ دیا اور دوبارہ 2019 میں اس پر کام شروع کیا۔
خوش قسمتی سے اگلے ہی روز میٹل ڈٹیکٹر نے دھات کی شناخت کی اور تھوڑی سی کھدائی کے بعد سنہری انگوٹھی ہاتھ لگی۔ یہ ایک خوبصورت انگوٹھی تھی جس پر ایک ہیرا لگا ہوا ہے اور فرانسیسی زبان میں لکھا ہے، ’ میرا تمہارا ایمان تھامتا ہوں، تم میرا ایمان سنبھالو۔‘ تاہم انگوٹھی قرونِ وسطیٰ کے فرانس میں شادی کی ایک تقریب میں پہنائی گئی تھی اور لگ بھگ 1388 میں بنائی گئی تھی۔یہ انگوٹھی جلد نیلامی کے لیے پیش کی جائے گی۔