امیتابھ بچن کے نام پر رجسٹرڈ رولز رائس فینٹم کو سیز کر دیا گیا

ممبئی (قدرت روزنامہ) کرناٹک ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے ایک خصوصی ریڈ میں سات عدد لگژری گاڑیاں ضبط کر لیں جن میں ایک رولز رائس فینٹم بالی ووڈ کے سپر سٹار امیتابھ بچن کے نام پر رجسٹرڈ ہے ، یہ گاڑی فلم ساز ودھو نود چوپڑا نے بگ بی کو سال 2007 میں فلم اک لویا کی کامیابی پر تحفے میں دی تھی ۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اس گاڑی کو سال 2019 میں عمرہ ڈویلپرز کے یوسف شریف عرف ڈی بابوکو فروخت کر دیا تھا مگر مبینہ طور پر گاڑی کی ملکیت منتقل نہیں کی گئی جس کے باعث اس کی مزید تفصیلات نہیں ہیں۔کرناٹک ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے مطابق یہ کاریں بغیر ٹیکس والی تھیں ، کاغذات نا مکمل اور بغیر انشورنس کے باعث انہیں پکڑا گیا ، سات گاڑیوں میں سے پانچ پڈوچیری میں رجسٹرڈ ہیں ، جہاں روڈ ٹیکس کم ہے ، اور دو مہاراشٹر کی رجسٹرڈ ہیں ۔نمبر پلیٹ ایمایچ 02 بی بی 2 کے ساتھ رولس رائس فینٹم کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ٹرانسپورٹ کمشنر (انفورسمنٹ) ایل نریندر ہولکر نے بتایا کہ ‘اسے چلانے والے شخص کی شناخت سلمان خان کے طور پر ہوئی ہے ، جس کی عمر 35 سال کے لگ بھگ ہے اور اس کا تعلق وسنت نگر سے ہے۔ مبینہ طور پر ان کے والد نے بچن سے گاڑی خریدی تھی۔دوسری طرف بابو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے گاڑی براہ راست بچن سے خریدی تھی۔ ‘میرے خاندان کے لوگ اسے اتوار کو استعمال کرتے ہیں، گاڑی ابھی بچن کے نام پر ہے۔