یوسف رضا گیلانی نے عمران خان کا مطالبہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا


لودھراں (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عمران خان کا مطالبہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا . لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جب عمران خان نے الیکشن کروانے کا ہمارا مطالبہ نہیں مانا تھا تو ہم کیسے مانیں؟ وہ اگر بات کرنا چاہ رہے ہیں تو غیر مشروط بیٹھیں تاکہ راستے نکلیں .


یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے کا رسک نہیں لیں گے، عمران خان کو معلوم ہے کہ اگر وہ اسمبلیاں توڑ دیں گے تو صرف دو صوبوں میں ہی الیکشن ہوں گے . انہوں نے کہا کہ جو وزیراعلیٰ ایک ایف آئی آر درج نہیں کروا سکا، وہ اسمبلی کیسے توڑے گا، عمران خان کا جھوٹ پر مبنی بیانیہ ایکسپوز ہو چکا ہے .
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے خلاف میڈیا ٹرائل کیا، جب ان کی باری آئی ہے تو کہتے ہیں فوری الیکشن ہوجائیں تاکہ ان کی کوئی بات باہر نہ نکلے، ہم نے چھوٹے چھوٹے کیسز میں 10 ، 10 سال قید بھگتی ہے، ان کے تو بڑے بڑے کیسز ہیں،یہ اس لیے خوفزدہ ہیں اور فوری الیکشن چاہتے ہیں . پی پی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی بہت غلط فہمی ہے کہ اگر الیکشن ہوئے تو انہیں دو تہائی اکثریت ملے گی، ہماری اتحادی جماعتیں اپنے اپنے علاقوں میں بڑی با اثر ہیں، آئندہ بھی مخلوط حکومت بنے گی .

. .

متعلقہ خبریں