ملک میں باقاعدہ ڈیفالٹ کا رسک پیدا ہو رہا ہے، حماد اظہر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما حماد اظہر نے ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں باقاعدہ ڈیفالٹ کا رسک پیدا ہو رہا ہے۔سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ملک میں خطرناک حد تک مختلف مصنوعات کی قلت ہونے جا رہی ہے، مارکیٹ میں ڈالر کی قلت بھی دیوالیہ پن ہے۔
حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت بیجنگ اور آئی ایم ایف کے سہارے پر بیٹھی ہے، ملک میں افراطِ زر 24 فیصد تک جا پہنچا ہے۔اُن کا میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ معیشت پہلے ہی بہت بڑے بحران کا شکار ہے، معیشت ڈنڈے کے زور پر چلنے والی نہیں۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ، غیر ضروری اخراجات اور توانائی سے ایمرجنسی کی ضرورت ہے، وقت آ گیا ہے کہ عوام کی رائے کو مقدم سمجھا جائے۔ حماد اظہر نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر آپ کے پاس کوئی منصوبہ بندی نہیں تو کسی دوسرے کو آنے دیں، آپ کو عوام نہیں لائے، آپ کو تو مسلط کیا گیا، جس نے آپ کو مسلط کیا وہ چلا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خوف سے آپ نے پورا نظام پلٹ کر رکھ دیا ہے، لوگوں کو اٹھانے، تشدد کرنے سے ملک آگے نہیں بڑھتے۔