تین سال میں ’را‘ کے اسپانسرڈ 1230 حملے ہوئے: وزیرِ مملکت برائے خارجہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پچھلے 3 سال میں 1230 حملے ہوئے ہیں جو ’را‘ کے اسپانسرڈ تھے . اسلام آباد میں وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ دہشت گردی کرانے والا بھارت خود کو دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار قرار دیتا ہے .


ان کا کہنا ہے کہ آج دنیا اور خطے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، افسوس ہے کہ آج ایسے معاملے پر بات کرنے آئی ہوں، صبح سیکریٹری خارجہ نے غیر ملکی سفیروں کو بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے بارے میں بریفنگ دی . حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جو دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے، بھارت نے جوہر ٹاؤن لاہور میں دہشت گردی کی، اگر آپ پڑوسیوں کے گھر میں آگ لگانے کی کوشش کریں گے تو آگ آپ کے گھر بھی آئے گی .
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے تحقیقات مکمل ہونے اور ثبوتوں کا انتظار کیا، افسوس کی بات ہے کہ بعض بھارتی رہنما اس واقعے کی تعریفیں کرتے رہے ہیں .
وزیرِ مملکت حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت سے زیادہ کسی نے دہشت گردی کا فائدہ نہیں اٹھایا، بھارت نے عالمی سطح پر انسدادِ دہشت گردی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا . انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے اور خطے میں دہشت گردی کی متعدد تنظیموں کی معاونت و مدد کرتا رہا ہے .

. .

متعلقہ خبریں