اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست نمٹا دی گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل کے حصول کی درخواست نمٹا دی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست نمٹانے کا فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے کہا کہ وزارت داخلہ کو دیگر صوبوں سے مقدمات کی تفصیل لینے کا حکم جاری نہیں کرسکتے، اعظم سواتی سندھ اور بلوچستان میں متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔عدالت کا کہنا تھا کہ صغراں بی بی کیس کے فیصلے کے تحت ایک واقعے کی دو ایف آئی آر درج نہیں ہوسکتیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے کوئی میکنزم بنایا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ ملک بھر کے پولیس اسٹیشنز کو لنک کرنے کے لیے کوئی سسٹم بنایا جاسکتا ہے، وزارت داخلہ یا کوئی ایجنسی میکنزم بناسکتی ہے کہ ایف آئی آر کی معلومات دستیاب ہوں۔عدالت کا کہنا تھا کہ اتھارٹیز اس حوالے سے کوئی اور میکنزم بھی تجویز کرسکتی ہیں۔
عدالت نے مزید کہا کہ اعظم سواتی کے خلاف کیسز اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر درج ہوئے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے پاس سندھ اور بلوچستان سے متعلق کوئی حکم جاری کرنے کا اختیار نہیں۔