سندھ حکومت ریاستی دہشت گردی کرنے میں ماسٹر ہے، علی زیدی


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ریاستی دہشت گردی کرنے میں ماسٹر ہے، الیکشن سے 20 دن قبل سیاسی لوگوں کو ایڈمنسٹریٹر لگایا گیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ اور صوبائی الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے، ایک جماعت کے رات کے اندھیرے میں ایڈمنسٹریٹرز لگائے جارہے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ سرگرم کارکن سنتے تھے اب سرگرم ایڈمنسٹریٹر بھی لگ رہے ہیں، گریڈ 18 کے ملازمین سرِعام سیاست میں کیسے سرگرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مخالفین پر کیسز کرانے کے لیے پولیس کو استعمال کرتی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت نے تاجروں کے ساتھ جو کیا وہ اس پر پریشان ہیں، کراچی کے تاجروں کے ساتھ جو کیا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں۔علی زیدی نے کہا کہ کراچی کا الگ کلچر ہے، ظالمانہ فیصلے نہ کیے جائیں، مارکیٹس بند کرنے کے فیصلے سے پہلے مشاورت کی جاتی، شہر میں شادی ہالز اور ریسٹورنٹ کے خلاف فیصلہ زیادتی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ کراچی میں روزانہ نوجوانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے اور امن و امان کی صورتحال بدتر ہے جبکہ تعلیم اور صحت سمیت شہر کا انفرا اسٹرکچر بھی تباہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گورننس اور معیشت کا برا حال ہے اور دہشتگردی ایک بار پھر شروع ہوچکی ہے۔