اشنا شاہ خود سے اور فیروز خان سے متعلق جعلی ویڈیوز پوسٹ کرنے پر برہم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اداکار فیروز خان کے ساتھ ’حبس‘ سمیت دیگر ڈراموں اور منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرنے والی اداکارہ اشنا شاہ نے خود سے اور اداکار سے متعلق ایک جعلی ویڈیو شیئر پر یوٹیوب چینل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اُس اکاؤنٹ کے خلاف شکایت درج کرائیں۔
اشنا شاہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ’در فشاں‘ نامی یوٹیوب چینل پر ان کی دو سال پرانی تصاویر کو استعمال کرکے ان سے متعلق ایک جعلی ویڈیو لگائی گئی۔انہوں نے لکھا کہ عام طور پر وہ ایسی فالتو چیزوں پر وقت ضائع نہیں کرتیں اور نہ ہی ان کی طرف توجہ دیتی ہیں لیکن چوں کہ مذکورہ ویڈیو کو اب تک 5 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے، اس لیے وہ اس کی طرف متوجہ ہوئیں۔
اشنا شاہ نے لکھا کہ ان سے اور فیروز خان سے متعلق پوسٹ کی گئی جعلی ویڈیو جنگل میں لگی آگ کی طرح پھیل رہی ہے اور اس میں استعمال کی گئی ان کی تصاویر دو سال پرانی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے رونے والی تصاویر اس وقت کی ہیں جب ان کے گھر کا ایک پالتو جانور ہلاک ہوگیا تھا تو وہ اشک بار ہوگئی تھیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ ان کی پرانی تصاویر کو ویڈیو میں استعمال کرکے فیروز خان کے معاملے پر جھوٹی ویڈیو بنائی گئی۔اشنا شاہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی جعلی ویڈیو بنانے والے یوٹیوب چینل کو رپورٹ کریں، تاکہ جعلی اکاؤنٹ کو بند کروایا جا سکے۔
اداکارہ کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کے بعد مذکورہ یوٹیوب چینل کی جانب سے اشنا شاہ کی فیروز خان سے متعلق ویڈیو کو ڈیلیٹ کردیا گیا، تاہم اسی چینل پر اداکارہ کی مزید ویڈیوز موجود ہیں۔

اسی یوٹیوب چینل پر اشنا شاہ اور مہوش حیات کی شادی سمیت فیروز خان کی جانب سے سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان پر تشدد کی رپورٹس سے متعلق متعدد ویڈیوز موجود ہیں۔علاوہ ازیں یوٹیوب چینل پر فرحان سعید اور عروہ حسین کی طلاق کے علاوہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی طلاق کی افواہوں سے متعلق بھی متعدد ویڈیوز موجود ہیں۔
مذکورہ یوٹیوب چینل پراشنا شاہ کیفیروز خان سے متعلق بنائی گئی جعلی ویڈیو میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ نے اداکار کی جانب سے سابق بیوی علیزے سلطان پر تشدد سے متعلق خاموشی توڑی دی۔