2023 میں ہم بحرانوں سے مکمل نکل آئیں گے، شیری رحمٰن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ابھی حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں، امید ہے 2023 میں ہم سابق حکومت کے پیدا کردہ بحرانوں سے مکمل نکل آئیں گے . ایک بیان میں نئے سال پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ سال 2022 پاکستان کے لیے بہت مشکلات کا سال رہا .


پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا ہے کہ تاریخی سیلاب، ماحولیاتی تبدیلی کے بدترین اثرات پر پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز رہا، برساتی، نہری سیلاب کے باعث ملک کا چوتھائی حصہ اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے . انہوں نے کہا کہ 17 سو سے زائد اموات ہوئیں، گھروں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان ہوا، ماحولیاتی بحران کے باعث ایسی تباہ کاریوں کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی .
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ان سردیوں میں ابھی بھی ہمارے لاکھوں بھائی بہنیں بےگھر زندگی گزار رہے ہیں، نئے سال میں لوگوں کو پیغام ہے سیلاب متاثریں کی مکمل بحالی میں ان کا ساتھ دیں، سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے .
شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ اقتدار میں آتے ہی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے . ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سال 2023 کے لیے ہم سب کو پُرامید ہونا چاہیے، دعا ہے نیا سال ملک اور قوم کے لیے استحکام، ترقی، خوشحالی اور خوشیوں کا سال ہو .

. .

متعلقہ خبریں