ارشد شریف قتل: اسپیشل جے آئی ٹی کل دبئی جائے گی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صحافی ارشد شریف قتل کیس کے لیے تشکیل دی گئی اسپیشل جے آئی ٹی کل (ہفتے کی) شام دبئی روانہ ہو گی . ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشل جے آئی ٹی دبئی میں ایک ہفتے کی انکوائری کے بعد کینیا بھی جائے گی .

دبئی میں ٹیم ارشد شریف کے آخری دنوں کی ملاقاتوں اور رابطوں کی معلومات حاصل کرے گی .
کینیا میں اسپیشل جے آئی ٹی جائے وقوع کے ساتھ وقار اور اس کے بھائی سے بھی پوچھ گچھ کرے گی . ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارتِ داخلہ اور خزانہ نے اس اسپیشل جے آئی ٹی کے اخراجات ادا کرنے سے معذرت کر لی تھی .
دونوں وزارتوں کی معذرت کے بعد جے آئی ٹی کے لیے سفری اخراجات اور ٹی اے ڈی اے کی مد میں 1 کروڑ روپے اسلام آباد پولیس نے ادا کیے ہیں . ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 5 رکنی ٹیم کے علاوہ مقدمے کے تفتیشی انسپکٹر محمد شہباز بھی دبئی روانہ ہوں گے .
کینیا پولیس کے ہاتھوں ارشد شریف کا قتل
پاکستانی صحافی ارشد شریف کو کینیا میں 22 اور 23 اکتوبر 2022ء کی درمیانی شب گاڑی میں جاتے ہوئے کینین پولیس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا . کینیا پولیس کی جانب سے ارشد شریف کی موت کو شناخت کی غلطی قرار دے کر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا .
ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسران پر مشتمل ٹیم ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے 28 اکتوبر 2022ء کو کینیا گئی تھی . یہ ٹیم تحقیقات مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آ گئی تھی جس کے بعد اس نے اپنی تحقیقات کی رپورٹ بھی حکام کو پیش کی تھی .
سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستانی صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل پر از خود نوٹس لیا تھا . ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے گزشتہ ماہ (دسمبر میں) نئی اسپیشل جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی گئی تھی .

. .

متعلقہ خبریں