خیبرپختونخوا جے یو آئی کی حکومت کا منتظر ہے، فضل الرحمان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے آقاؤں کا ایجنڈا مکمل نہیں کرسکا، اگر یہ شخص دوبارہ اقتدار میں آیا تو ملک کہیں کا نہیں رہے گا۔میڈیا سے گفتگو میں فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا آنے والوں دنوں میں جے یو آئی کی حکومت کا منتظر ہے، صوبے کے عوام ہماری جماعت سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اہم سیاسی شخصیات کی جے یو آئی میں شمولیت جاری ہے، اہم سیاسی شخصیات کی ہماری پارٹی میں شمولیت سے واضح ہے کہ حالات بدل چکے۔فضل الرحمان نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے آقاؤں کا ایجنڈا مکمل نہیں کرسکا، وہ اپنے دور اقتدار میں بیرونی قوتوں کا ایجنڈا پورا کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے پی ٹی آئی سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ صرف تم دیانت دار، باقی چور تو پاکستان کے دوستوں نے تم پر اعتبار کیوں نہیں کیا۔جے یو آئی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ تمہاری حکومت ختم ہوئی تو خود کو مظلوم ثابت کرنے کے لیے کاغذ لہرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ سے زیادہ جعلی آئی ڈیز سے پارٹی چلانے والے ہمیں تبلیغ کرتے ہیں، یہ مغربی تہذیب کے نمائندے ہیں ہماری سوسائٹی سے تعلق نہیں رکھتے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر یہ شخص دوبارہ اقتدار میں آیا تو ملک کہیں کا نہیں رہے گا۔