اگلے ہفتےسے ملک میں ڈالرز آنا شروع ہو جائیں گے، گورنر اسٹیٹ بینک کا اعلان


کراچی (قدرت روزنامہ)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ہفتےسے ملک میں ڈالرز آنا شروع ہو جائیں گے۔ایف پی سی سی آئی میں خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا خوش خبری سناتے ہوئے کہنا ہے کہ اب زرِمبادلہ ذخائر بڑھنا شروع ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں کاروبار کو سہولت دینی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے سبب اقدامات کرنے پڑے، ہماری امپورٹس کم ہوئی ہیں، 33 ہزار ایل سیز کے کیسز کلیئر کیے ہیں، ایل سی کو جانچنے میں کافی وقت لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکس سے کہا ہے کہ خوراک، ادویات اور تیل کو ترجیح میں رکھیں، ایکسپورٹ کے لیے امپورٹ مال کو ترجیح دی ہے، زرعی شعبے کے لیے امپورٹ میں سہولت پیدا کر رہے ہیں، مزید ڈالرز آتے ہی مزید امپورٹس کو سہولت دینے کا منصوبہ ہے، ڈالرز کو دیکھتے ہوئے ہی امپورٹ کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ اگر امپورٹرز ڈالر کا بندوبست کرتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہو گا، ایکسپورٹرز کو اپنے ڈالرز سے امپورٹ کا بندوبست کرنے کی اجازت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ مال بلا اجازت امپورٹ کے سبب بھی پورٹ پر پھنسا ہوا ہے، شرحِ سود کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا۔